فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) فیصل آباد کے نواحی علاقے میں گزشتہ دوپہر بارات کی دو کاروں سمیت تین کاروں میں ہونے والے خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایک ہی فیملی کے پانچ افراد جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں تین سگے بھائی اور بیٹا جبکہ زخمیوں میں متوفی شہری کی بیوی اور بیٹا بھی شامل ہیں۔ حادثہ نواحی علاقے میں تھانہ ڈجکوٹ کی حدود میں ہوا جہاں گزشتہ دوپہر گوجرہ کی طرف جانیوالی بارات کی دو کاریں چک نمبر ر ب کے قریب سامنے سے آنے والی کار سے ٹکرا گئیں۔ تصادم اتنا خوفناک تھا کہ کاریں بری طرح تباہ ہوگئیں۔ حادثے کے نتیجے میںبارات کے ساتھ جانے والے پانچ افراد موقع پر ہی جان بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں اوکاڑہ کے رہائشی تین سگے بھائی 24سالہ مظفر، 23 سالہ راشد اور 22 سالہ حمزہ کے علاوہ 252ر ب کے رہائشی 48 سالہ صفدر علی اور اس کا 12 سالہ بیٹا سبحان شامل ہیں۔ حادثے میں متوفی صفدر کی اہلیہ 40 سالہ رخسانہ اور اس کا چار سالہ بیٹا احمد شدید زخمی ہوئے، جنہیں سول ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا ہے۔ جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے فیصل آباد گوجرہ روڈ پر ٹریفک حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے حادثے کے بارے میں رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ غفلت کے ذمہ دار ڈرائیور کو قانون کی گرفت میں لا کر مزید کارروائی کی جائے۔
فیصل آباد:بارات کی گاڑیوں میں تصادم،ایک خاندان کے 5افراد جاں بحق،4زخمی
Jan 08, 2023