گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ حکومت توانائی منصوبوںکی تکمیل اور ملکی تعمیروترقی کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔ عمران خان کے آئی ایم ایف سے معاہدے کی وجہ سے مہنگائی کنٹرول کرنا مشکل ہوگیا ہے۔ عوام دشمن جماعت کی چار سالہ مجرمانہ غفلت کی وجہ سے توانائی اور ترقیاتی منصوبے تاخیر کا شکار ہوئے۔ موجودہ حکومت درآمد شدہ میٹریل سے بجلی نہ بنانے کیلئے کوشش کر رہی ہے۔ حکمران اتحاد پاکستان کی معیشت، خارجہ پالیسی اور سیلاب متاثرین کو بحال کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ عمرانی ٹولہ کے چار سالہ دور میں گندم اور چینی کی پیداوار میں کمی ہوئی جس کی وجہ سے درآمد کرنا پڑتی ہے۔ قائد عوام میاں نوازشریف اور وزیرا عظم میاں شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گیپکو ہیڈ کوارٹر کیمپ آفس میں آنے والے وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ کیمپ آفس میں آنے والے سائلین کے مسائل سنے اور فوری حل کیلئے احکامات بھی جاری کئے۔