اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) ملک میں عام انتخابات کیلئے الیکشن کمشن آف پاکستان نے ڈرافٹ پولنگ سکیم تیار کر لی۔ تفصیلات کے مطابق عام انتخابات کیلئے ملک بھر میں تقریباً ایک لاکھ پولنگ سٹیشنز بنائے جائیں گے۔ پولنگ سٹیشن ایک کلومیٹر کے فاصلے پر ڈرافٹ کئے گئے ہیں، ایک پولنگ سٹیشن پر ووٹرز کی زیادہ سے زیادہ تعداد 1200 رکھی گئی ہے۔ انتخابی شیڈول جاری ہونے پر ڈرافٹ پولنگ سکیم ڈی آر اوز کے حوالے کی جائے گی۔ سیلاب کے باعث سکولز کی متبادل سرکاری عمارتوں میں پولنگ سٹیشن قائم کئے جائیں گے۔ اس حوالے سے الیکشن کمشن نے تمام ریجنل الیکشن کمشنرز کو بھی خط لکھ کر پولنگ سٹیشنز کی ڈرافٹ فہرستیں، پولیس اور ایجنسیوں کو فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ حساس اور انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز سے متعلق متعلقہ اداروں سے فیڈ بیک لیا جائے۔ ذرائع کے مطابق حساس پولنگ سٹیشنز پر فوج اور رینجرز تعینات کی جائے گی۔