لاہور( این این آئی) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر حملہ کیس کے ملزم نوید بشیر کے وکیل میاں دائود نے کہا ہے کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی)اور پی ٹی آئی کی طرف سے ملزم اور اس کے اہلِ خانہ پر دبا ڈالا جارہا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق میاں دائود ایڈووکیٹ نے کہا کہ پولیس حراست میں جسمانی اور ذہنی تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔جے آئی ٹی اور پی ٹی آئی نے دو نامعلوم افراد کو دو مرتبہ ملزم نوید کے گھر بھیجا، نوید کی فیملی پر زبردستی نئے وکالت نامے سائن کروانے کے لیے دبائو ڈالا گیا ہے۔دونوں افراد اپنے نام اور نمبرز بھی نوید کے اہلِ خانہ کو دے کر گئے ہیں۔میاں دائود ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ خدشہ ہے کہ جے آئی ٹی اور پی ٹی آئی کے لوگ 9جنوری کو ہونے والی آئندہ سماعت سے قبل نوید کی فیملی کو غائب کردیں۔انہوں نے چیف جسٹس پاکستان سے درخواست کی کہ ملزم نوید اور اس کی فیملی پر دبائو کا نوٹس لیں۔