اسلام آباد (خبر نگار+شنہوا+ اے پی پی) قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) نے کہا ہے کہ ملک بھر میں 24گھنٹوں کے دوران 4ہزار 472کرونا ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے24 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے۔ اس طرح اس مدت میں کرونا ٹیسٹوں کی مثبت شرح 0.54 فیصد رہی ہے۔ اس دوران کرونا وائرس سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 22 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ چین کی ریاستی کونسل نے کووڈ وائرس انفیکشن کی روک تھام اور کنٹرول پلان کا10 واں ورژن جاری کیا ہے۔ چینی میڈیا کے مطابق نئے انسدادی پلان میں وبائی امراض کی خصوصیات پر ریسرچ ، ویکسینیشن، ذاتی تحفظ اور انسداد وبا کی تشہیر و تعلیم، نگرانی اور ابتدائی انتباہ، وبائی امراض کی معلومات کے اجرا، جانچ پڑتال کی حکمت عملی، متعدی ماخذ کا انتظام، کلیدی مقامات اور ماحول میں انسداد وبا و کنٹرول، وبائی امراض کے دوران ہنگامی اقدامات اور انتظامی ضمانت کے امور کے حوالہ سے تفصیلی اقدامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔ چینی میڈیا کے مطابق چین کے قومی صحت کمیشن کے زیر اہتمام چین کی انسداد وبا کی پالیسی پر بریفنگ کے بعد چین میں مڈغاسکر کے سفیر جین لک رابنسن نے کہا کہ چین انسداد وبا کی پالیسی کو وقت اور صورتحال کے مطابق مستعدی کے ساتھ ہم آہنگ کر رہا ہے۔ نان جنگ یونیورسٹی سکول آف میڈیسن کے پبلک ہیلتھ میڈیکل سنٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر وو زی وی نے کہا ہے کہ گزشتہ تین سالوں میں گردش کرنے والے متعدد نوول کرونا ویریئنٹس میں سے کوئی بھی چین میں پہلی بار دریافت نہیں ہوا تھا۔ سی جی ٹی این کو ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ چین پر وائرس کی تبدیلی کے لیے پیٹری ڈش ہونے کا الزام لگانا سراسر لغو اور واہیات ہے۔
کرونا:24نئے مریض،22کی حالت نازک،چین میں کنٹرول پلان کا 10واں ورژن جاری
Jan 08, 2023