لاہور‘ اسلام آباد (نیوز رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ + نمائندہ خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ن لیگی رہنماؤں کے مشاورتی اجلاس میں پنجاب کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماؤں پر مشتمل کمیٹی بنا دی۔ کمیٹی پنجاب میں اعتماد کے ووٹ سے متعلق امور دیکھے گی۔ کمیٹی میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ‘ خواجہ سعد رفیق‘ رانا ثناء اﷲ‘ عطا تارڑ اور پی پی کے حسن مرتضیٰ شامل ہوں گے۔ دریں اثناء پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اعتماد کا ووٹ نہ لینے کی صورت میں وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دے دیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ ن کے پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا، ن لیگ کے ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے اعتماد کا ووٹ نہ لینے کے بیان پر غور کیا گیا جبکہ وفاقی وزیر قانون نے وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ نہ لینے کے معابلے پر آئینی اور قانونی نکات سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ وزیراعلیٰ پنجاب کو اعتماد کا ووٹ ہر صورت لینا ہوگا۔ اجلاس میں اعتماد کا ووٹ نہ لینے کی صورت میں مسلم لیگ ن نے دستیاب آئینی اور قانونی آپشنز پر بھی غور کیااور چوہدری پرویز الہیٰ کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ بھی دیا۔ وزیراعظم کی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن میں ہونے والے اجلاس میں رانا مشہود، خواجہ سلمان رفیق، ملک احمد خان، عطا اللہ تارڑ، لیگی رکن پنجاب اسمبلی غیاث الدین اور بلال یاسین شامل تھے۔ جبکہ وفاقی وزرا میں خواجہ سعد رفیق اور اعظم نذیر تارڑ بھی پارٹی اجلاس میں موجود تھے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد رکن پنجاب اسمبلی مولانا غیاث الدین ن لیگ میں واپس آ گئے۔ لاہور میں ایم پی اے مولانا غیاث الدین نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد وہ ن لیگ میں واپس آ گئے۔ اس حوالے سے وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی میں ن لیگ کے ارکان میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اسلام آباد سے نمائندہ خصوصی + اے پی پی کے مطابق وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے کویت کے وزیراعظم شیخ احمد نواف الاحمد الجابر الصباح سے ٹیلی فونک گفتگو کی۔ وزیر اعظم پاکستان نے کویتی وزیراعظم کو 9 جنوری 2023ء کو جنیوا میں منعقد ہونے والی کلائمیٹ ریزیلیئنٹ پاکستان پر بین الاقوامی کانفرنس سے آگاہ کیا اور کانفرنس میں کویت کی اعلیٰ سطح پر شرکت کی درخواست کی۔کویتی وزیر اعظم نے کلائمیٹ ریزیلیئنس پر پاکستان کے اقدامات کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم پاکستان نے کویت کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے اپنے عزم کا اظہار کیا اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اعادہ کیا۔ صحت، سکیورٹی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں پاکستانی افرادی قوت کی بھرتی کے لیے کویت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔کویت کے وزیر اعظم نے کویتی قیادت کی پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کی خواہش کا یقین دلایا۔ دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور باہمی دلچسپی کے تمام امور پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوید صادق اور ناصر عباس شہید جیسے وطن کے جاں نثاروں کی بدولت پاکستان دشمن عناصر کے مذموم عزائم خاک میں ملے۔ ایک ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ آئی ایس ائی کے افسر نوید صادق شہید کے اہل خانہ کو اپنے اور قوم کی طرف سے خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے حاضر ہوا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ قوم ہمیشہ اپنے شہداء اور ان کے اہل خانہ کی شکر گزار رہے گی۔ مزید برآں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔ آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کو ٹیلی فون کال کے دوران بتایا کہ حکومت پاکستان آئی ایم ایف پروگرام کو مکمل کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ کرسٹلینا جارجیوا سے بات چیت کے دوران انہیں پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے آنے والے سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث درپیش مشکلات سے بھی آگاہ کیا۔ آئی ایم ایف کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔ اے پی پی کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفاق سیکرٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان شیر عالم محسود کے انتقال پر گہرے رنج اور افسوس اور ان کے خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔ وزیراعظم نے کہا پاکستانی سول سروس ایک قابل افسر سے محروم ہو گئی۔
وزیراعظم / رابطہ
۔