لاہور (سپیشل رپورٹر+نیوز رپورٹر) وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ اعتماد کے ووٹ کے حوالے سے آئین کا آرٹیکل 130 کلاز 7 واضح ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئین میں صدر اور گورنر کا کردار رسمی ہے مگر اعتماد کے ووٹ گورنر کے اختیار کے استعمال پر کسی قسم کی شرائط نہ ہیں۔ پرویزالٰہی نے 186 ووٹ سے ایک ووٹ زیادہ لینا ہے۔ ووٹ لیں اور بات ختم کریں۔ ٹی وی بیان سننے کی بجائے عمران خان آئین کوخود بھی اٹھا کر پڑھ لیں۔ اس کے بعد اسمبلیاں توڑیں چاہے نہ توڑیں۔ یہ ان کا اختیار ہے۔ ووٹ سے بھاگ کر عدالت کے بنچ کے پیچھے چھپنا ٹھیک نہیں ہے۔ پرویزالٰہی اگر اعتماد کا ووٹ نہیں لیتے تو پھر وہ عدالت یا سٹے آرڈر کے وزیراعلیٰ ہیں۔ دریں اثنا پاکستان ایسوسی ایشن آف جسٹس کی جانب سے لاہور بار الیکشن کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیا گیا مہمان خصوصی وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے لاہور بار کی صدارت کے امیدوار منیر بھٹی ،سیکرٹری لاہور بار کے امیدوار حارث سوہل و دیگران حمایت یافتہ امیدواروں کو بھی مفلر پہنائے،اعظم نذیر تارڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا الزام تراشی کا رویہ قابل افسوس ہے ۔سیاست میں مخالفین کی طرف سے رواداری کا خیال نہیں رکھا گیاہے ۔ہم نے وکلاء کا 30 سالہ مطالبہ پورا کیا ہے ہم وکلاء ہیں اور ہمیں قانون اور آئین کا احترام کرنا لازم ہے ۔وکلاء کی لیگل ایجوکیشن کیلئے پچاس کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں ،یہ فنڈز پورے ملک کی بار ایسوسی ایشنز کے لیے مساوی رکھے گئے ہیں ۔سابق معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب اور ن لیگی رہنما خواجہ احمد حسان نے کہا سیاست میں شائستگی اور برداشت ہونی چاہئے۔
عدالت کے پیچھے چھپنا ٹھیک نہیں ‘ پرویزالٰہی اعتماد کاووٹ لیں: اعظم نذیر تارڑ
Jan 08, 2023