AVLCکی کارروائی:بدنام زمانہ کارلفٹر گرفتار،مسروقہ گاڑی برآمد


کراچی(اسٹاف رپورٹر)  اے وی ایل سی پولیس اور منگھوپیر پولیس نے دو پولیس مقابلوں کے دوران کارلفٹر سمیت دو ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور چوری شدہ گاڑی برآمد کرلی۔تفصیلات کے مطابق جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل پولیس نے کریم آباد ریلوے پھاٹک کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران مشہور زمانہ کارلفٹر عبدالمجید لاشاری کے بھتیجے اور انتہائی مطلوب ملزم سجاد لاشاری ولد حسن لاشاری کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اس کے قبضے سے اسلحہ اور عزیز بھٹی تھانے کی حدود سے چوری شدہ گاڑی برآمد کرلی۔ گرفتار ملزم کا چچا عبدالمجید لاشاری سال 2021 میں اے سی ایل کے ہاتھوں مقابلے میں ماراجا جا چکا ہے، گرفتارملزم کا باپ اور بھائی بھی چوری کی وارداتوں میں ملوث ہیں جن کے ساتھ مل کر گرفتار ملزم چوری کی وارداتیں انجام دیتا ہے، گرفتار ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے پولیس پارٹی پرفائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کو شش کی۔ ملزم عادی جرائم پیشہ اور شہر سے کا ریں چھیننے، چوری کرنے کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے، سال 2019 میں گرفتارملزم کا ایک ساتھی زاہد حسین گاڑی چھینتے ہوئے پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا تھا جبکہ ملزم گرفتار ہوا تھا۔ اے وی ایل سی پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سجاد لاشاری چوری شدہ گاڑیاں اوستہ محمد، جھل مگسی اور کوئٹہ بلوچستان میں فروخت کر تا ہے، ملزم کے دیگر ساتھی مفرور ملزمان اور مزید گاڑیوں کی برآمد گی کے لیے چھا پے ما رے جا رہے ہیں۔ اسی طرح منگھوپیر پولیس نے بھی نورانی ہوٹل کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتارکرکے اس کے قبضے سے غیرقانونی اسلحہ برآمد کرلیا، زخمی ملزم کو فوری طور پرعباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت اسد ولد عتیق کے نام سے کی گئی۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کا سابقہ کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔ دریں اثنا نیو ٹاون پولیس نے اسٹریٹ کرمنل محمد اسامہ ولد محمد اخلاق کو گرفتارکرکے اس کے قبضے سے غیرقانونی اسلحہ برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کا سابقہ ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے، ملزم کو مزید کارروائی کے لیے تفتیشی افسران کے حوالے کر دیا گیا ہے۔رینجرز اور سندھ پولیس نے مشترکہ کومبنگ آپریشن کے دوران مسقطی محلہ اورنگی ٹاون سے 7 انتہائی مطلوب ملزمان کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق سندھ رینجرز اور پولیس کا مسقطی محلہ اورنگی ٹاون اورملحقہ علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف 15گھنٹے سرچ اور کومبنگ آپریشن جاری رہا۔آپریشن کے دوران مشتبہ افراد کا بائیو میٹرک ویری فکیشن کے بعد متعدد مقدمات میں انتہائی مطلوب 7ملزمان گل زمان، امیر خان، محمد طفیل، حماد، پرویز، محمد زبیر، محمد فاروق، ذیشان علی سمیت 3 ڈکیت، 21اسٹریٹ کریمنلزاورغیر قانونی شہریت رکھنے والے ایک افغان باشندے کو حراست میں لیا۔ملزمان کے قبضے سے 2 تیس بور پسٹل، بارہ بور شاٹ گن، ایک خنجر، 8 عددمختلف اقسام کا ایمونیشن، 20عدد چوری شدہ موبائل فون اور بھاری مقدار میں گٹکا اور چھالیہ بھی برآمد کرلی گئی۔ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کوبمعہ اسلحہ، ایمونیشن اور مسروقہ سامان مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن