کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے وائس چیئرمین عبدالحاکم قائدنے کہا ہے کہ ملک و قوم کو ترقی دینے اور کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنانے کے لئے نوجوانوں کو آگے آنا ہوگا۔ مسائل کی دلدل سے نکلنے کے لئے مضبوط ارادے اور عمل پیہم کی ضرورت ہے۔ عوام کا درد رکھنے والے نمائندوں کو منتخب کر کے اپنے مسائل کے حل کے لئے اسمبلیوں میں حکومتی ایوانوں میں بھیجیں ، صرف سیاست کےلئے نہیں۔ حکومت اور انتظامیہ اگر مسائل حل نہیں کر سکتے، عوامی کو دو وقت کی روٹی عزت سے کمانے کے مواقع نہیں دے سکتے تو انہیں اقتدار کی کرسیوں اور عہدوں سے چمٹے رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا نبی پاک ﷺ کی سنت ہے اور پاسبان ہمیشہ ہر ظلم کے خلاف میدان عمل میں موجود ہوتی ہے۔ آپ لوگ پاسبان کے دست و بازو بنیں، کوئی کام کرنا مشکل نہیں۔ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی نوجوانوں کو آگے بڑھتے ، ترقی کرتے دیکھنا چاہتی ہے۔عنقریب ایک بہت بڑا کنونشن کر رہے ہیں،تیاریاں شروع کر دیں۔ اپنے علاقے اورمحلے میں سچے اور ایماندار افراد تلاش کریں اور انہیں پاسبان میں شامل کریں ۔ حالات اس قدر خراب ہیں کہ انہیں درست کرنے کے لئے الطاف شکور جیسا سچا ، مخلص اور قوم کا درد رکھنے والا قائدو رہنما چاہئیے۔ وہ گذشتہ روز پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی ڈسٹرکٹ سینٹرل کے زیر اہتمام کارنر میٹنگ سے گفتگو کر رہے تھے۔ میٹنگ میں خواتین ونگ کی صدر عزیز فاطمہ، ڈسٹرکٹ سینٹرل کے جنرل سیکریٹری محمدصادق،نائب صدر محمد اسلم سمیت پاسبان ورکرز کی بڑی تعداد موجود تھی۔ میٹنگ میں مختلف امور پر گفتگو ہوئی جس میں تنظیم سازی، ٹیم کوآرڈینیشن اور پاسبان کنونشن شامل تھے۔ عبدالحاکم قائد نے مزید کہا کہ جب تک پڑھے لکھے لوگ آگے نہیں آئیں گے تب تک حالات میں سدھار نہیں آئے گا۔ انتخابات میں بھرپورحصہ لیں اور ملک و قوم کا درد رکھنے والے افراد کو منتخب کریں ۔ لوٹ مار کا بازار گرم ہے۔ کروڑوں روپے عوام کے خون پسینے کی کمائی کے خرچ ہو رہے ہیںاور کوئی پوچھنے والا نہیں۔ ملک کی تمام سیاسی، سماجی اور مذہبی جماعتوں کو عوام نے آزما کے دیکھ لیا، ووٹ بھی دیئے اور نوٹ بھی دیئے۔ کراچی کی عوام مایوسی کا شکار ہے کہ کس کا ساتھ دیں۔ ایسے میں پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی امید کی کرن ہے۔ اپنے لئے نہیں، اپنے بچوں اور ان کے مستقل کے لئے سوچیں اور پاسبان کے دست و بازو بنیں #
پاسبان