سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے میثاق معیشت منظور کرائینگے‘ عرفان اقبال شیخ


لاہور (کامرس رپورٹر) تمام تجارتی وصنعتی تنظیموں سے مشاورتی عمل مکمل ہونے کے بعد ملک کی تمام سیاسی جماعتوں اور حکومت سے میثاق معیشت (چارٹر آف اکانومی) منظور کروایا جائیگا جس کا حتمی اعلان 10فروری کو اسلام آباد میں نیشنل کانفرنس میں کیا جائیگا۔ بزنس کمیونٹی کی مشاورت کے بغیر کوئی بھی معاشی فیصلہ قابل قبول نہیں ہے۔ملک اس وقت سنگین معاشی دباؤکا شکار ہے اور دیوالیہ ہونے والا ہے۔رواں سال پاکستان کو تقریباً 26بلین ڈالر قرضوں کی واپسی اور سود کی مد میں ادا کرناہے۔ان خیالات کا اظہار ایف پی سی سی آئی کے صدر عرفان اقبال شیخ، ریجنل چیئرمین محمد ندیم قریشی، سابق صدر میاں انجم نثار، نائب صدر رفعت ملک، محمد علی میاں، محمد علی شیخ، چیمبرز اور ایسوسی ایشنز کے عہدہداران نے عرفان اقبال شیخ کی سربراہی میں ’’اقتصادی ترقی کیلئے چیمبرز اور ایسوسی ایشنز کے قومی اقتصادی منصوبہ بارے قومی مشاورتی کانفرنس‘‘کے دوسرے سیشن کے بعد ایف پی سی سی آئی ریجنل آفس لاہور میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ملک کی معاشی پالیسوں میں تسلسل نہیں ہے،پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے کیلئے قلیل المدتی اور طویل المدتی پالیسیاں بنانی پڑیں گی۔انہوں نے کہاکہ ایف پی سی سی آئی نے چارٹر آف اکانومی کی تیاری کا عمل شروع کردیا ہے۔کانفرنس کا تیسرا سیشن 10جنوری کو کراچی میں ہوگا۔مشاورتی کانفرنس کا مقصد پاکستان کی بزنس کمیونٹی کو نہ صرف متحد ویکجا کرنا ہے بلکہ بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل اور پاکستان کی معاشی و تجارتی ترقی کے حوالے سے مل کر کام کرنا ہے۔

ای پیپر دی نیشن