کراچی، شارع فیصل پر غیرملکیوں کو لوٹنے والا ملزم گرفتار

Jan 08, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر)اچی میں شارع فیصل پر غیرملکیوں کو لوٹنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق شارع فیصل پر منی چینجر سے 23 لاکھ روپے لے کر نکلے غیرملکی باشندوں کو لوٹنے والے ملزم کو ٹیپو سلطان پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا۔سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس عبدالرحیم شیرازی کے مطابق کراچی میں کرسچن فیلو شپ کے لیے بطور بائبل ٹیچر کام کرنے والے کینیڈین شہری کیون رچرڈ ملر اور ان کے ساتھی نے 18 نومبر کو شارع فیصل پر واقع منی چینجر سے غیر ملکی کرنسی تبدیل کرائی تھی۔ عبدالرحیم شیراز نے بتایا کہ دونوں افراد رقم لے کر رکشے میں پی ای سی ایچ سوسائٹی بلاک 6 میں دفتر کے باہر پہنچے تو موٹرسائیکل پر سوار 2 ملزمان نے ان سے 22 لاکھ 80 ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیے تھے۔ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق ٹیپو سلطان تھانے کی ایس ایچ او انسپکٹر عظمی خان کی ٹیم نے اس واردات کا سی سی ٹی وی فوٹیج اور تکنیکی معاون سے سراغ لگایا۔ایس ایچ او ٹیپو سلطان انسپکٹر عظمی خان کے مطابق واردات کے وقت موٹر سائیکل چلانے والا ملزم سلمان عرف سلو شارع فیصل پر مقابلے میں ہلاک ہوچکا ہے۔تحقیقات سے پتا چلا کہ اس ڈکیتی میں مدعی سے رقم ملزم آصف عرف باس نے لوٹی تھی جسے خفیہ اطلاع پر کارروائی کر کے گرفتار کیا گیا۔پولیس کے مطابق ملزم کی نشاندہی پر واردات میں لوٹا گیا مدعی کا کینیڈین پاسپورٹ، کریڈٹ و دیگر بینک کارڈز بھی برآمد کرلیے گئے ہیں۔پولیس کا بتانا ہے کہ ملزم سے مدعی کیون رچرڈ ملر کا رقم کا بیگ اور متعدد موبائل فون برآمد ہوئے ہیں۔ایس ایچ او تھانہ ٹیپو سلطان کے مطابق گرفتار ملزم آصف بینک سے رقوم لے کر نکلنے والے شہریوں کو لوٹنے میں بھی ملوث رہا اور وہ عادی جرائم پیشہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ ملزم پہلے بھی متعدد بار گرفتار ہوچکا ہے جسے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں