لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے کہا ہے کہ تمام چیمبرز کو یکساں موقف اپنانا اور معاشی صورتحال پر مل کر آواز اٹھانی چاہیے۔وہ بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے خطاب کر رہے تھے جس کی قیادت اس کے صدر چوہدری ذوالفقار علی اعوان کر رہے تھے۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر چوہدری ظفر محمود، بہاولپور چیمبرکے سینئر نائب صدر حنیف احمد، نائب صدر عدیل خالد، لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران محمد عثمان شیخ اور راجہ حسن اختر بھی اس موقع پر موجود تھے۔لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ تمام چیمبرز کے مسائل یکساں ہیں ایل سی کا نہ کھلنا اور چیپٹر 84-85وغیرہ۔ اگرچہ حکومت نے کہا ہے کہ اب سٹیٹ بنک آف پاکستان سے اجازت کی ضرورت نہیں ہے لیکن درآمدات کی ادائیگی کیلئے ملک میں کوئی زرمبادلہ نہیں ہے۔ مشینری نہیں آئے گی تو صنعتی ترقی کیسے ہو گی۔ اگر خام مال موجود ہوگا تو انڈسٹری چلے گی اور برآمدات بڑھیں گی۔ ہم نے کپاس کی پیداوار کے علاقوں کی طرف توجہ نہیں دی۔ نتیجتاً ہمیں 10 ملین روئی کی گانٹھیں درآمد کرنی پڑیں گی۔ صنعت کاری نہیں ہوگی تو روزگار کے مواقع نہیں ہوں گے اور بے روزگاری ہمیشہ امن و امان کی صورتحال کو جنم دیتی ہے۔