وزیر اعظم شہباز شریف کا کویتی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ، دوطرفہ تعلقات پر گفتگو

Jan 08, 2023 | 16:50

ویب ڈیسک

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف اور کویتی ہم منصب شیخ صباح الخالد الحماد الصباح کے مابین ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں پاک کویت دو طرفہ تعلقات پر گفتگو ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کویتی ہم منصب شیخ صباح الخالد الحماد الصباح سے  ٹیلیفونک رابطے کے دوران پاک کویت دو طرفہ تعلقات اور تعاون پر تبادلۂ خیال کیا۔پاکستان اور کویت کے وزرائے اعظم نے باہمی رابطے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ٹیلیفونک گفتگو کے دوران وزیر اعظم شہبازشریف نے اپنے کویتی ہم منصب شیخ صباح الخالد الحماد الصباح کو بین الاقوامی جنیوا کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔

خیال رہے کہ پاکستان اور اقوامِ متحدہ کی میزبانی میں موسمیاتی تبدیلیوں پر جنیوا کانفرنس کی تیاریاں جاری ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف، وفاقی کابینہ اراکین اور اعلیٰ حکام آج کانفرنس کیلئے روانہ ہوں گے۔بین الاقوامی جنیوا کانفرنس میں پاکستان گزشتہ برس سیلاب سے ہونے والی تباہی کا مقدمہ عالمی برادری کے سامنے پیش کرے گا۔ ملک بھر میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا۔سیلاب کے باعث سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں بلوچستان اور سندھ شامل ہیں جبکہ پنجاب کے کچھ علاقے بھی سیلاب کے باعث تباہی و بربادی کا شکار ہوئے۔

مزیدخبریں