بیجنگ: پاکستان کے ہمسایہ ملک چین میں کورونا بے قابو ہوجانے کے باوجود اندرونِ ملک سفر کرنے والوں کیلئے قرنطینہ کی شرط ختم کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چین نے آج سے اندرونِ ملک سفر کرنے والے مسافروں کیلئے قرنطینہ لازمی کی پابندی ختم کردی۔ مسافر چین کے ایک شہر سے دوسرے شہر قرنطینہ کے بغیر سفر کرسکیں گے. جس سے سیاحوں کیلئے آسانیاں پیدا ہوگئیں۔حال ہی میں چین میں قمری سال کی 40 روزہ تعطیلات کا اعلان ہوا .جس میں عوام کی بڑی تعداد کو اندرونِ ملک سفر کرنا ہوگا جو دنیا کی سب سے بڑی سالانہ نقل وحرکت قرار دی جاتی ہے۔ کورونا کا آغاز 2019 میں چین سے ہی ہوا تھا۔چینی وزارتِ ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ آئندہ 40 روز میں 200 کروڑ سے زائد افراد ایک شہر سے دوسرے شہر جائیں گے۔ قرنطینہ کی پابندی ختم کرنے سے چینی معیشت کی بحالی کا بھی امکان ہے.تاہم کورونا کے پھیلاؤ کے خدشات برقرار ہیں۔دنیا کے گنجان آباد ترین ملک چین کی 1 ارب 40 کروڑ کی آبادی کورونا کے باعث پہلے ہی بھاری جانی نقصان اٹھا چکی ہے۔ گزشتہ برس کے آخر میں چینی شہریوں نے کورونا پابندیوں پر شدید احتجاج کیا۔ بعد ازاں پابندیاں ختم کیے جانے کا فیصلہ سامنے آیا۔