نماز کے معاشرتی فوائد(۱)

Jan 08, 2024

خواجہ نورالزماں اویسی

نماز تو در حقیقت ایمان کا ذائقہ ، روح کی غذا اور دل کی تسکین کا سامان ہے مگر اسی کے ساتھ ساتھ نماز مسلمانوں کے اجتماعی ، اخلاقی ، تمدنی اور معاشرتی اصلاحات کا بھی کابھی ذریعہ ہے ۔ حضور نبی کریمﷺ کے ذریعہ سے اخلاق وتمدن اور معاشرت کی جتنی اصلاحیں وجود میں آئیں ان کا بڑا حصہ نماز کی بدولت حاصل ہوا ۔ 
ستر پوشی : انسان کا شرم و حیا کی وجہ سے اپنے جسم کے بعض حصوں کو چھپانا نہایت ضروری ہے ۔عرب کے بدو اس تہذیب سے نا واقف تھے بلکہ شہروں کے باشند ے بھی اس سے بے پروا تھے ۔ اسلام آیا تو اس نے ستر پوشی کو ضروری قرار دیا ۔ یہاںتک کہ ستر پوشی کے بغیر نماز ہی درست نہیں ۔ سورۃ الاعراف میں ارشاد ہے کہ نماز کے لیے صرف ستر چھپانے کے لیے لباس ہی نہ پہنو بلکہ وہ لباس زینت والا ہو ۔
طہارت : اس کے بعد طہارت اور پاکیزگی ہے جو اسلام کے اولین احکامات میں سے ہے ۔ حضور نبی کریمﷺ پر جو دوسری وحی نازل ہوئی وہ طہارت کے بارے میں ہی تھی ۔ارشاد باری تعالی ہے :’اور اپنے کپڑے پاک رکھو‘۔اسلام سے قبل عرب کے لوگ اور دوسری قومیں طہارت کا خیال نہیں رکھتی تھیں ۔ حضور نبی کریمﷺنے اپنی تعلیمات کے ذریعے طہارت پر زور دیا اور نماز کے درست ہونے کی شرائط میں سے ہے کہ انسان کا جسم ، لبا س اورجگہ کا پاک ہونا ضروری قرار دیا ۔ جوصحابہ طہارت کا اہتمام کرتے تھے ان کے بارے میں ارشاد باری تعالی ہے :’اس مسجد میں وہ لوگ ہیں کہ خوب ستھرا ہونا چاہتے ہیں اور ستھرے اللہ تعالی کو پسند ہیں۔‘ ( سورۃ التوبہ) 
پابندی وقت : کامیاب عملی زندگی کا سب سے بڑا راز یہ ہے کہ ہمارے تمام کام مقررہ وقت پر تکمیل کو پہنچیں ۔ انسان فطری طورپر آرام پسند ہے اس لیے انسان کو وقت کا پابند بنانے کے لیے ضروری ہے کہ اس کے بعض کاموں کے اوقات مقرر کر دیے جائیں ۔ انسان اگر اپنے تمام کاموں کا وقت مقرر کر لے تو اس طرح وقت ضائع نہیں ہو گا اور تمام کام خوش اسلوبی سے سر انجام پائیں گے ۔ نماز ہمیں پابندی وقت سکھاتی ہے ۔وقت پر سونا اور وقت پر جاگنا ضروری ہو جاتا ہے ارشاد باری تعالی ہے: ’بے شک نماز مومنوں پر مقرر وقت میں فرض کی گئی ہے۔‘
حضرت سلیمان فارسی کا قول ہے نماز ایک پیمانہ ہے جس نے اس سے پورا ناپا ، اس کو پورا ناپ کر دیا جائے گا ، اور جس نے ناپنے میں کمی کی تو تمھیں کم ناپنے والوں کی سزا معلوم ہے ۔ اس قول کا ایک مطلب یہ بھی ہے کہ نماز ہر مسلمان کا پیمانہ ہے اسی سے اس کی ہر چیز ناپی جا سکتی ہے ۔

مزیدخبریں