عمان‘ انقرہ (نوائے وقت رپورٹ + این این آئی) امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے ترک صدر طیب اردگان ‘ اردن کے بادشاہ شاہ عبداﷲ دوئم اور اپنے ترک ہم منصب سے غزہ جنگ بندی کے امکانات اور مجموعی صورتحال پر گفتگو کی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق اس اہم ملاقات میں غزہ میں جنگ بندی کے امکانات اور مستقل امن کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور جلد از جلد اس مسئلے کے حل پر زور دیا گیا۔ اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ نے ملاقات میں اپنے مؤقف کو دہرایا کہ فلسطین کا پائیدار حل دو آزاد ریاستوں کے قیام سے مشروط ہے۔ جس کے لیے عالمی قوتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اردن کے بادشاہ نے امریکی وزیر خارجہ سے کہا کہ غزہ سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔ اسرائیل کو روکا جائے اور انسانی امدادی سامان کی ترسیل کو تیز تر کیا جائے۔ جس پر امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے رفاح کراسنگ کے ذریعے غزہ میں انسانی ہمدردی کے تحت امدادی سامان کی زیادہ سے زیادہ ترسیل کی ضرورت پر اتفاق کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ اس معاملے پر اسرائیل سے بات کریں گے۔ دورہ مشرق وسطی سے قبل استنبول میں ترک صدر رجب طیب اردگان اور ترک ہم منصب سے ملاقاتیں کیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے غزہ جنگ کے بعد اپنے چوتھے دورہ مشرق وسطی سے قبل استنبول میں ترک صدر رجب طیب اردگان اور ترک ہم منصب سے ملاقاتیں کیں۔ ترک رہنمائوں اور امریکی وزیر خارجہ کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں میں غزہ کی صورت حال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
غزہ جنگ: امریکی وزیر خارجہ کی ترک صدر‘ اردن کے بادشاہ سے ملاقاتیں
Jan 08, 2024