ٹوکیو (اے پی پی + این این آئی) جاپان کے علاقے اِشی کاوا میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد126 ہو گئی۔ جاپانی خبررساں ادارے این ایچ کے کے مطابق جاپان میں گزشتہ پیر کو آنے والے شدید زلزلے سے متاثر وسطی علاقوں میں لوگوں کو ابھی تک سکون میسر نہیں ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اِشی کاوا اب تک126 افراد کی موت کی تصدیق ہو گئی ہے اور 200 سے زیادہ ابھی تک میں لاپتہ ہیں۔ انامیزو قصبے کے ایک علاقے میں زلزلے کے بعد مٹی کے تودے گرنے سے تبادہ ہونے والی عمارات کے ملبے تلے کم از کم10 افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے جبکہ کئی سڑکیں کٹ جانے کے سبب متاثرین تک رسائی مشکل ہو گئی ہے۔ مرکزی حکومت ان ساحلی علاقوں کو سمندر کے راستے میں امدادی سامان بھیج رہی ہے جو کٹ کر رہ گئے ہیں۔ ان علاقوں میں170 سے زائد افراد اب بھی پھنسے ہوئے ہیں۔ حکام خبردار کر رہے ہیں کہ اختتام ہفتہ کا موسم خطرات میں مزید اضافہ کر دے گا۔ جبکہ وسطی علاقوں میں زلزلے کے بعد سے ہزاروں گھروں میں پانی اور بجلی تاحال منقطع ہے۔ علاوہ ازیں پانچ دن بعد دو منزلہ مکان کے ملبے کے نیچے سے 90سال کی معمر خاتون کو بچا لیا گیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امدادی کارکنوں نے گزشتہ روز زلزلے کے 124 گھنٹے بعد سوزو سٹی میں خاتون کو مکان کے ملبے سے نکال کر قریبی ہسپتال میں داخل کرا دیا، اتوار کو ایک ڈاکٹر نے صحافیوں کو بتایا کہ خاتون بات چیت کرسکتی ہے اور کافی حد تک ٹھیک ہے لیکن ان کی ٹانگیں زخمی ہیں۔
جاپان زلزلہ‘ ہلاکتیں126 ‘ ملبے سے 90 سالہ خاتون زندہ مل گئی
Jan 08, 2024