کرم: دہشت گردوں کی مسافر گاڑیوں پر فائرنگ، 2سکیورٹی اہلکار شہید، 3افراد جاں بحق

کرم (این این آئی)ضلع کرم میں صدہ بازار کے قریب مسافر گاڑیوں پر مسلح افراد کے حملے میں ایک خاتون اور فورسز کے دو اہلکاروں سمیت 5 افراد جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے ،طوری بنگش قبائل نے دہشت گردی کے واقعات کے خلاف ہنگامی جرگہ طلب کر لیا۔پولیس ذرائع کے مطابق پاراچنار سے پشاور جانے والے فیلڈر اور کوچ پر صدہ بازار کے قریب مسلح افراد نے حملہ کیا اور خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت 5 افراد جاںبحق اورتین زخمی ہو گئے جاں بحق ہونے والوں میں ڈرائیور رحمان علی پاک آرمی کے لانس نائیک غلام مصطفی اور ایف سی اہلکار عبدالقادر خان شامل ہیں ،زخمیوں میں نجف علی ، افضل اور سائل شامل ہیں ڈی پی او ضلع کرم محمد عمران نے کہا کہ واقعہ کے بعد حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے اور ملزموں کی گرفتاری کی کوشش کی جا رہی ہے ،ضلع کرم میں گزشتہ کئی ماہ سے مسافر گاڑیوں پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے جن میں متعدد افراد جاںبحق ہو گئے ہیں دہشت گردی کے واقعات کے خلاف طوری بنگش قبائل نے ہنگامی جرگہ طلب کر لیا ہے جس میں دہشت گردی کے واقعات کے حوالے سے قومی طور پر لائحہ عمل تیار کیا جائیگا۔

ای پیپر دی نیشن