انتخابات میں پیسہ نہیں حوصلہ کامیاب ہوگا:سربراہ ایم کیو ایم

Jan 08, 2024

کراچی(کامرس رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکزی انتخابی دفتر پاکستان ہائوس سے ملحقہ سڑک پر جنرل ورکرز اجلاس کا انعقاد، کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سمیت سینئر ڈپٹی کنوینرز اور ڈپٹی کنوینرز کا کارکنان سے خطاب، اجلاس سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ یہاں موجود کارکنان کا اجتماع کئی سیاسی جماعتوں کے جلسوں سے بڑا ہے کچھ لوگ ضمیر خریدنے اور کچھ بیچنے کے لئے نکل پڑے ہیں پندرہ برسوں میں محصولات کی مد میں بائیس ہزار ارب اور مختلف جرائم سے حاصل کردہ 70 ہزار ارب کی خطیر رقم سے لوگوں کے ضمیر خرید کر ایک بار پھر اس شہر کے مینڈیٹ پر شب خون مارنے کی تیاری شروع کی جاچکی ہے، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کا واحد اثاثہ اس کے کارکنان ہیں اس شہر کے لوگوں کا مقابلہ جرائم سے کمائے گئے پیسوں سے ہے ظالم کی دولت اس شہر کے لوگوں کے حوصلے کا مقابلہ نہیں کر سکتی، 21جنوری2024 کا تاریخ ساز جلسہ مخالفین کی نیندیں حرام کر دے گا، عام انتخابات میں پیسہ نہیں حوصلہ کامیاب ہوگا، حکومتی مشینری کو انتخابی عمل کو سبوتاژ کرتا دیکھ اگر ایم کیو ایم نے اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے اگر ایک بار پھر بائیکاٹ کر دیا تو پورا کراچی بیابان کی صورت نظر آئے گا، سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفی کمال نے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ظالم اگر طاقتور ہے تو اس شہر کا ایک فیصد شہری بھی ظلم کے خلاف سڑک پر آنے کو تیار نہیں ہے ظلم کے خلاف صف آرا نہ ہونا ظالم کو اور تقویت پہنچا رہا ہے، ملک میں ہونے والے عام انتخابات اِس شہر میں بسنے والے لوگوں کی نسلوں کی بقا کا معاملہ ہے، پاکستان کو چلانے والا تین کروڑ سے زائد آبادی کا شہر مسائل کی آماجگاہ بن چکا ہے، یہاں کے مینڈیٹ کو خریدنے اور قبضہ کرنے والے یہاں کے لوگوں کے دل نہیں جیت سکے، 21جنوری کا جلسہ ظالم کی تمام تدبیروں کو نیست و نابود کردے گا۔ سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہم سب کو اپنے حوصلے بلند رکھتے ہوئے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے عام انتخابات میں کامیابی ہمارے اتحاد سے ہی ممکن ہے، آئندہ انتخابات پاکستان کے مستقبل کے حوالے سے راستے کا تعین کریں گے قیام پاکستان کے نظریے سے جڑے لوگ ہی ملک کو ترقی کی نئی منزلوں پر لے کر جاسکتے ہیں پاکستان بنانے والوں کی اولاد کو تعصب کی بنیاد پر اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لئے باقی قومیتوں سے لڑوایا گیا، 21 جنوری کو ہونے والا جلسہ انتخابات میں ایم کیو ایم کی کامیابی کی نوید ثابت ہوگا، ایم کیو ایم کی تاریخ لازوال قربانیوں کی داستانوں سے بھری پڑی ہے، ڈپٹی کنوینر عبدالوسیم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے اجداد کی جد و جہد نے اس ملک بنانے کے خواب کو عملی جامہ پہنایا اور آج پاکستان کو بچانے کی جد و جہد کی جارہی ہے ملک بچانے کی کوشش میں ہم سب کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا پاکستان بنانے والوں اور ان کی اولادوں پر جبر کیا گیا بے بنیاد مقدمات میں پابند سلاسل کرکے اذیتیں پہنچائی گئیں، موروثی سیاست کرنے والی جماعتوں نے اس ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا، ایم کیو ایم کو مضبوط ہوتا دیکھ ناقدین اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں مشترکہ کوششوں سے عام انتخابات میں اپنے مینڈیٹ کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے، انچارج سی او سی فرقان اطیب نے تمام ساتھیوں کو عام انتخابات کی تیاری 21جنوری2024 کو باغ جناح میں منعقد جلسے کے حوالے سے کاموں کو تیز کرنے اور تنظیم کے پیغام کو گھر گھر پہنچانے کی ہدایت دیں، اِس موقع پر اراکین رابطہ کمیٹی، سی او سی ارکان، مختلف ٹانز اور یو سیز سے آئے ہوئے کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔

مزیدخبریں