راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) جیل حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ برطانوی جریدے میں شائع ہونے والا بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا آرٹیکل ان کی اپنی تحریر نہیں ہے۔ آئی جی جیل خانہ جات نے کہا کہ اڈیالہ جیل میں عمران خان کی کمرہ نما بیرک کو انتہائی سکیورٹی زون قرار دیا گیا ہے اور 24گھنٹے بیرک کی سکیورٹی کیمروں، جیل سٹاف اور دیگر خفیہ آلات سے مانیٹرنگ جاری رہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے آنے والے ہر شخص کی جیل قوانین کے مطابق تلاشی لی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ بیرک پر تعینات ہونے والے سکیورٹی اہل کاروں کی ڈیوٹی کے آغاز اور اختتام پر بھی تلاشی لی جاتی اور اسے سکین کیا جاتا ہے۔ اڈیالہ جیل انتظامیہ نے بانی پی ٹی آئی سے اخبارات اور کتابوں کی سہولت واپس لینے کی تردید کر دی۔ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے اخبارات، کتابیں واپس لینے کی خبروں میں صداقت نہیں۔ پاکستان تحریک انصاف پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے دی اکانومسٹ مضمون کی ذمہ داری لینے کا اعلان کیا تھا۔
اکانومسٹ آرٹیکل بانی پی ٹی آئی کی تحریر نہ اخبارات کی سہولت واپس لی: جیل حکام
Jan 08, 2024