سری نگر(کے پی آئی)کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارت اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی مختلف جیلوں میں حریت رہنمائوں اور کارکنوں سمیت ہزاروں کشمیریوں کی مسلسل غیر قانونی قید پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے پر کشمیر کے آزادی پسند عوام کوبھارت کی بدترین ریاستی دہشت گردی کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی ظلم وجبر کے باوجود کشمیری عوام کی مثالی ثابت قدمی نے بھارت کے فوجی غرور کو خاک میں ملادیا اور کشمیری عوام کے عزم کو توڑنے کے مذموم بھارتی عزائم کو ناکام بنا دیا۔ترجمان نے بی جے پی حکومت کی طرف سے بھارتی فورسز کی مدد سے کشمیری عوام کی جائیدادوں اور مکانات پر قبضے کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اورانسانی حقوق کی دیگر تنظیموں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیرکا دورہ کریں اور اس بدترین صورتحال کا جائزہ لیں جہاں لوگ اپنے گھروں میں قید ہیں اور انہیں علاقے میں آزادانہ طور پر بات کرنے اور چلنے پھرنے کی جازت نہیں ۔انہوں نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ حق خودارادیت کے حصول کے لئے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت کرے، مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فورسز کی طرف سے انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیوں کو روکنے میں مدد کرے اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔
حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے پر کشمیریوں کو بھارت کی بدترین ریاستی دہشتگردی کا سامنا ہے: حریت کانفرنس
Jan 08, 2024