2حماس کمانڈر، 2صحافی، فلسطینی فٹبال کوچ سمیت 122شہید

غزہ‘ لاہور (نوائے وقت رپورٹ + سپورٹس رپورٹر) اسرائیلی دہشت گردی سے غزہ کی پٹی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 122 فلسطینی شہید ہو گئے۔ ان میں الجزیرہ کے بیورو چیف وائل الدحوف کے بیٹے حمزہ ، ایک اور صحافی مصطفیٰ ثقایا شامل ہیں۔ عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق صہیونی فورسز کی جانب سے غزہ میں 93 ویں دن بھی وحشیانہ بمباری جاری رہی۔ 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں اب تک کم از کم 22,722 افراد شہید اور 58,166 زخمی ہو چکے ہیں۔ صہیونی فورسز نے گزشتہ رات جنین، حبرون، قلقیلیہ اور یریحو پر بمباری کی۔ رفح اور خان یونس میں بمباری سے متعدد مکانات تباہ ہو گئے۔ الجزیرہ کے مطابق رام اللہ میں فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں جنین پر اسرائیلی ڈرون حملے میں 6 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ جائے وقوعہ پر انسانی باقیات بکھری ہوئی ہیں۔ دھماکے میں اسرائیل کی فوجی گاڑی تباہ ہو گئی۔ فلسطینی فٹ بال ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ فلسطین کی اولمپک فٹ بال ٹیم کے کوچ ہانی المصدر غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہو گئے ہیں۔ 42 سالہ المصدر 2018ء میں ریٹائر ہونے اور فلسطین کی قومی ٹیم کے کوچ بننے سے قبل المغازی اور غزہ سپورٹس کلب کے مڈ فیلڈر تھے۔ ادھر قطر نے کہا ہے کہ حماس رہنما صالح العاروری کی شہادت کے بعد مذاکرات مشکل ہو گئے ہیں۔ دوسری طرف غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف دنیا بھر میں مظاہرے جاری ہیں۔ تل ابیب میں بھی ہزاروں مظاہرین نے حکومت مخالف مظاہرہ کیا اور اسرائیلی حکومت سے جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی پولیس مظاہرین پر ٹوٹ پڑی۔ نیویارک میں احتجاج‘ لندن کے ویسٹ منسٹر برج پر اسرائیل کیخلاف دھرنا دیا گیا۔ اٹلی کے شہر میلان میں لوگوں کی بڑی تعداد نے ریلی نکالی، مانچسٹر میں بھی ہزاروں مظاہرین نے فسلطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاج کیا، امریکی شہر لاس اینجلس میں بھی مظاہرین نے مارچ کیا۔ اسرائیلی فوج نے 7 اکتوبر حملے کا الزام لگا کر غزہ میں حماس کے 2 اہم کمانڈر اسماعیل سراج اور احدوہبی کو شہید کر دیا۔ حماس حملے میں لیفٹیننٹ کرنل روئی پوچائی یوسف شہید ہو گئے۔ اسرائیل نے بھی تصدیق کر دی۔ حزب اﷲ نے اسرائیلی فوجی پوزیشنر پر 62 راکٹ فائر کئے۔ واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق امریکہ نے اسرائیل کو حزب اﷲ کیساتھ جنگ میں ناکامی سے خبردار کر دیا ہے۔ امریکی عہدیدار کے مطابق جنگ لبنان تک پھیلانا خطرناک ہو سکتا ہے۔ اسرائیل کی فوجی صلاحیت کم ہو چکی ہے۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن آج اسرائیل کے دورے پر جائینگے۔ فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن کے ترجمان نے ہانی کی موت کو بڑا نقصان قرار دیتے کہا اب تک 67 فٹبالر سمیت 88 مرد و خواتین‘ 24 منتظمین اور تکنیکی عملہ شہید ہو چکا ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم نے کہا حزب اﷲ حماس سے سبق سیکھے۔ اہداف حاصل کرنے تک جنگ بند نہیں ہو گی۔ اسرائیل نے شمالی غزہ میں بمباری روکنے کا اشارہ دے دیا۔ 

ای پیپر دی نیشن