لاہور بھٹو کا ہے، ایک ہی شخص کو بار بار دیکھنا قبول نہ کسی کھلاڑی، بزنس فیملی، پٹواری کی ضرورت، بلاول

لاہور(نوائے وقت رپورٹ )  چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے(نواز شریف کا نام لیے بغیر) کہا ہے کہ ایک ہی شخص کو بار بار دیکھنا ہمیں قبول نہیں،پاکستان کے عوام نے فیصلہ کرنا ہے کہ انکا وزیر اعظم کون ہو گا، جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو کو شہید کر کے ہمیں ڈرا سکتے ہیں تو یہ ان کی بھول ہے۔وہ پیکو روڈ ،پی۔پی 162میں حیدر روڈ اور پی پی 157میں فیروز پور روڈ پر پارٹی کے انتخابی دفاتر کے افتتاح  اور این اے 127 کے انتخابی جلسوں سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر این اے 127کی انتخابی مہم کے انچارج ذوالفقار علی بدر،شہزاد سعید چیمہ،اسلم گل،قاسم گیلانی،امجد حسین،اسلم گڑا،عدنان گورسی بھی۔موجود تھے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہر لاہور کسی کاروباری یا کسی کھلاڑی کا نہیں ہے بلکہ یہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو نے یہاں سے الیکشن لڑا تو میں بھی لاہور سے الیکشن لڑ رہا ہوں،،ہمیں پٹواریوں کی ضرورت ہے اور نہ کسی اور کی،پیپلز پارٹی کے جیالے جھکتے ہیں نہ گھبراتے ہیں نہ پیچھے ہٹتے ہیں، ہم ووٹ کی طاقت سے ان کے گھروں میں گھس کر ان کو ماریں گے، انہوں نے کہا کہ 8فروری کو تیر پر ثھپہ لگانا ہے،بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ دس نکاتی منشور پر عمل کر کے مہنگائی اور بے روزگاری کا مقابلہ کریں گے۔  ہم حکومت میں آنے کے بعد پانچ سالوں میں تنخواہیں دوگنی کر دیں گے، غریب عوام کو 300یونٹ تک بجلی مفت مہیا کریں گے۔ ،غریبوں کا علاج مفت کیا جائے گا اور ایسے ادارے بنائیں گے جہاں غریب اور متوسط طبقے کو سہولتیں مفت میں ملیں گی۔  انہوں نے مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ  انہوں نے کہا کہ مجھے اللہ تعالی نے اقتدار میں آنے کا موقع دیا تو 30 لاکھ پاکستانیوں کو گھر بنا کر دوں گا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مزدوروں اور کسانوں کو کارڈ بنا کر دیں گے۔ مشکل معاشی حالات میں بھی ہم نے بھوک کو مٹانا ہے۔الیکشن ملتوی ہونے کی افواہوں کے حوالے سے سوال پر بلاول بھٹو ذرداری نے کہا کہ الیکشن تاخیر کا شکار نہیں ہونگے۔ کارن میٹنگ سے اپنے خطابات میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ  ہم ان سے پوچھتے ہیں کہ وہ لاہور پر کیوں مسلط ہوئے تھے؟ انہیں لاہور اور پنجاب پر جنرل ضیاالحق، جنرل حمید گل اور جنرل فیض نے مسلط کیا تھا۔ ہم ملک بھر کی کچی آبادیوں کو ریگولرائز کریں گے۔ چیئرمین بلاول بھٹونے کہا کہ  پاکستان پیپلز پارٹی پسماندہ لوگوں کی ترجمانی کرتی ہے۔ ہم اس ملک کی قسمت بدل دیں گے۔ 

ای پیپر دی نیشن