لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رات گئے شدید سردی میں چلڈرن ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا۔ وزیراعلی محسن نقوی کی ہدایت پر چلڈرن ہسپتال کی ایمرجنسی، مین کوریڈور اور دیگر وارڈز میں اپ گریڈیشن کا کام تیزکر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے مین کوریڈور اور استقبالیہ کاؤنٹر کا معائنہ کیا اور کام کے معیار کو چیک کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہاکہ بجلی اور ائرکنڈیشن کی وائرنگ کے کام میں معیار اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے اور وائرنگ کے کام کو آئندہ 3روز میں مکمل کیا جائے۔ وزیراعلی محسن نقوی نے مین کوریڈور میں ٹائلز لگانے کے کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی محسن نقوی نے مین کوریڈور میں تیز رفتاری سے کام پر سیکرٹری تعمیرات ومواصلات، سیکرٹری صحت اور ان کی ٹیم کی کاکردگی کو سراہا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے رات کو کام کرنے والے مزدوروں سے ملاقات کی اور رات گئے تک محنت سے کام کرنے پر شاباش دی۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ہسپتال میں جاری اپ گریڈیشن کے کام کو جلد مکمل کرنے کے لئے ہدایات دیں۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہاکہ پنجاب میں 100سے زائد ہسپتالوں میں سہولتوں کی بہتری کا ٹاسک 31جنوری تک مکمل کریں گے۔ پوری ٹیم دن رات کوشاں ہیں، انشا ء اللہ خلوص نیت سے کی جانے والی محنت کا ثمر عوام کو ضرور ملے گا۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے راولپنڈی میں سیف سٹی اور نیو سی پی او آفس پراجیکٹس کا دورہ کیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے دونوں پراجیکٹس پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے راولپنڈی سیف سٹی اور سی بی او آفس پراجیکٹس کو 31 جنوری تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا کہ منصوبوں کے سول ورکس کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ کیبلز اور کیمروں کی تنصیب کے لیے ابھی سے پلاننگ کی جائے اور سول ورکس مکمل ہوتے ہی کام شروع کر دیا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے دونوں منصوبوں کی تعمیراتی سرگرمیوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ وزیراعلی نے دونوں پراجیکٹس پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا اور برق رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی محسن نقوی نے سی پی او راولپنڈی کو پراجیکٹس کا روزانہ وزٹ کرنے اور پیش رفت کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ محنت کے ساتھ دن رات کام کریں، منصوبوں کی برق رفتاری سے تکمیل مشن ہونا چاہئے۔ پہلے مرحلہ میں راولپنڈی کے 92 مقامات پر سکیورٹی کیمرے نصب ہوں گے۔ وزیراعلی پنجاب محسن نقوی رات گئے کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور بند روڈ پراجیکٹ پر ہونے والی پیشرفت کاجائزہ لینے بند روڈ پہنچ گئے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تقریباً 8 کلو میٹر طویل پراجیکٹ کا تفصیلی دورہ کیا اور 2 گھنٹے تک پورے پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ منصوبے پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے واضح ہدایت کی کہ 31 جنوری تک منصوبہ مکمل کیا جائے۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے بابو صابو سے سگیاں تک پیکج 2 اور سگیاں سے نیازی چوک تک پیکج ون پر جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے دونوں کنٹریکٹرز کو ہدایت کی کہ کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور پراجیکٹ کے ساتھ نالے کا ڈیزائن فوری طورپر تیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے 7روز انتہائی اہم ہیں، کام کی رفتار تیز کی جائے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ٹریفک کے ایشو کے حل کے لئے ڈپٹی کمشنر، سی ٹی او اور متعلقہ حکام کو فوری ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔ دونوں کنٹریکٹرز اور چیف انجینئر ایل ڈی اے نے وزیر اعلی محسن نقوی کو پراجیکٹ پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیراعلی محسن نقوی نے کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور بند روڈ پراجیکٹ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ٹیم پراجیکٹ مکمل کرنے کے لئے دن رات محنت کررہی ہے جس کا اعتراف کرنا چاہیے۔ بند روڈ پراجیکٹ کی وجہ سے شہریوں کو ٹریفک کے مسائل کا سامنا ہے لیکن یہ پراجیکٹ شہریو ں کے لئے ہی ہے۔ سی ٹی او اور ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر تمام متعلقہ افراد کوشش کررہے ہیں کہ شہریوں کو کم سے کم مسائل کا سامنا ہو۔ پراجیکٹ جلد مکمل کرنے کے لئے چند روز کے لئے ٹریفک بندکرنی پڑے گی جس پر پیشگی معذرت خواہ ہوں۔ تقریباً اتنا ہی بڑا منصوبہ لیاری ایکسپریس وے تھا جو 7سال میں مکمل ہوا، ہم اس منصوبے کو 3ماہ میں مکمل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
100سے زائد ہسپتالوں میں سہولتوں کی بہتری کا ٹاسک 31جنوری تک مکمل کرینگے: محسن نقوی
Jan 08, 2024