راولپنڈی( نامہ نگار) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 106 ٹوبہ کے امیدوار خالد نواز سدھرائچ نے کہا ہے کہ ہم سیاست سے کاروبار اور ہر قسم کے ذاتی مفادات کو الگ کرکے قومی زندگی پر نظریہ پاکستان کو لاگو کریں گے. رائے کے اختلاف کو ذاتی دشمنی یا ابدی مخالفت میں ڈھالنے والی سوچ کا خاتمہ اور عوام کو حقیقی معنوں میں شریک اقتدار کرنا ہمارا منشور ہے. انہوں نے ان خیالات کا اظہارکرامت کالونی اور رجانہ کی مختلف یونین کونسلوں میں مقامی سیاسی راہنماں و معززین سے خصوصی ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا. خالد نواز سدھرائچ نے کہا کہ سیاسی اختلاف رائے یا دیگر وجوہ کی بنا پر گروہ بندی معاشرے میں نفرتیں پیدا کرنے کا باعث ہیں جن کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے. انہوں نے کہا کہ ہم انتخابی سیاست میں نئے ہو سکتے ہیں مگر حلقے کے عوام خوب جانتے ہیں کہ سماجی بہبود کے حوالے سے ہمارا ایک نام اور مقام ہے. انہوں نے کہا کہ توڑنے والوں سے جوڑنے والے بہتر ہو تے ہیں اور ہم جوڑنے والوں میں سے ہیں. الیکشن میں کامیاب ہو کر اجتماعی قومی مفادات کے ساتھ ہم اہل علاقہ کے مسائل کے حل پر بھر پور توجہ دیں گے. انہوں نے کہا کہ میرے حلقے کے نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لئے روزگار کیلئے مارے مارے پھر رہے ہیں. ہم تمام یوتھ کو ان کی اہلیت و صلاحیت کے مطابق پاکستان کے اندر اور بیرون ملک معقول روزگار کی فراہمی یقینی بنانے کی جدوجہد کریں گے. جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ پیشہ ورانہ اور فنی تعلیم کے فروغ کیلئے اپنے طے شدہ پروگرام کو عملی جامہ پہنایا جائیگا. انہوں نے کہا کہ تعلیم، روزگار، صحت اور ذرائع آمد و رفت سمیت دیگر شعبوں میں مخلصانہ کام کرکے عوام کو یہ بنیادی سہولیات بہم پہنچانے میں ہم کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے. اس موقع پر مقامی عوامی نمائندوں نے بھی عوامی مسائل کے حل کیلئے مربوط کوششیں بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا.۔
ذاتی مفادات نہیں‘ قومی زندگی پر نظریہ پاکستان لاگو کریں گے‘ خالد نواز سدھرائچ
Jan 08, 2024