لاہور ( خصوصی نامہ نگار) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم اور امیرجماعت اسلامی لاہور ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ بروقت عام انتخابات ہی ملک و قوم کے مسائل کا حل ہے۔ دہشت گردی، بدامنی اور معیشت کی تباہی کا علاج صاف شفاف انتخابات کے ذریعے باصلاحیت قیادت کو آگے آنے سے ممکن ہے۔ شفاف الیکشن کے ذریعے اپنے نمائندے منتخب کرنا 25 کروڑ عوام کا بنیادی حق ہے۔ جماعت اسلامی 8 فروری کو صاف اور شفاف الیکشن چاہتی ہے جوپوری قوم کے جذبات کی ترجمانی ہے۔پاکستان کے مستقبل کی قیادت کے فیصلے کو آزادنہ طور پر عوام کے ووٹ کی طاقت سے منصوب ہونا چاہیے۔ سینٹ میں چند افراد کی جانب سے 8 فروری کے انتخابات ملتوی کرنے کی قرار داد آئین و قانون منافی ہے۔ سیاسی جماعتیں الیکشن کا التوا اس لیے چاہتی ہے کہ گذشتہ 16 ماہ کے اندر تمام سیاسی پارٹیوں کی پی ڈی ایم کی صورت میں کارکردگی پوری قوم کے سامنے ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی لاہور کے تمام قومی و صوبائی اسمبلی سے الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواران کے سوشل میڈیا سوشل ایکٹوسٹ کے ’’ سوشل میڈیا کنونشن‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
بروقت عام انتخابات ہی ملک و قوم کے مسائل کا حل: امیر العظیم
Jan 08, 2024