گولڈ میڈلسٹ شازیہ کوثر ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ جنرل ہسپتال تعینات 

Jan 08, 2024

لاہور(نیوز رپورٹر) وفاقی،صوبائی اور عالمی سطح پر طبی اداروں میں انتظامی و تدریسی وسیع تجربے کی حامل گریڈ19کی گولڈ میڈلسٹ سینئر خاتون آفیسر شازیہ کوثر کو ڈپٹی چیف نرسنگ سپرٹنڈنٹ لاہور جنرل ہسپتال تعینات کر دیا گیا ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ مس شازیہ کوثر نے اپنی ذمہ داریاں سنبھالتے ہی پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر سے ملاقات کی اور مریضوں کی بہترین دیکھ بھال سمیت دیگر دفتری امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ پروفیسر الفرید ظفر نے شازیہ کوثر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نرسیں پاکستان کا اثاثہ ہیں اور مریضوں کی جلد صحت یابی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں جبکہ ہیلتھ کئیر سسٹم کو مستحکم کرنے میں ان کی اعلیٰ پیشہ وارانہ خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ نرسنگ کی اعلیٰ تعلیم میں شاندار کامیابی لے کر گولڈ میڈل حاصل کرنا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ آپ جیسی نرسز ہمارے ملک و قوم کا فخرہیں۔ انتظامی شعبے کا سربراہ مقرر ہونا اللہ تعالیٰ کی طرف سے بہت بڑا انعام ہے۔ لہٰذا ہمیں اپنے فرائض منصبی انتہائی ایماندار، پیشہ وارنہ لگن سے ادا کرنے چاہئیں۔ پروفیسر الفرید ظفر نے شازیہ کوثر سے توقع کا اظہار کیا کہ وہ اپنی بہترین انتظامی صلاحیتوں کو برؤئے کار لاتے ہوئے جنرل ہسپتال کی نرسزکی مزید استعداد کار میں اضافے کا سبب بنیں گی۔

مزیدخبریں