منہاج القرآن علماء کونسل کے زیر اہتمام ’’شان صدیق اکبر ؓ  کانفرنس

لاہور(خصوصی نامہ نگار) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منہاج القرآن علماء کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ شانِ صدیق اکبر ؓ  کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سورۃ توبہ آیت نمبر40 میں سیدنا ابوبکر صدیقؓ کی صحابیت اور صدیقیت پر نص قرآنی وارد ہوئی۔ یہ فضیلت قرآن کی عطاء کردہ ہے۔ انہوں نے کانفرنس میں کہا کہ مولا علی کرم اللہ وجہہ نے ارشاد فرمایا کہ اے باری تعالیٰ ہمیں اسی طرح سیدھی راہ پر رکھ جس طرح تونے خلفائے راشدین کو صالحیت اور سیدھی راہ پر رکھا۔ سوال ہوا یہ خلفائے راشدین کون ہیں؟۔شانِ سیدنا صدیق اکبرؓ  کانفرنس میں ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ منہاج القرآن فی زمانہ عقائد صحیحہ کی ترویج و اشاعت اور بین المسالک ہم آہنگی اور اتحاد امت کی عالمگیر تحریک ہے۔ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری نے کہا سیدنا صدیق اکبرؓ  کا شمار تاجدارِ کائناتؐ کے ان رفقائے کار میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنی زندگی کی تمام جمع پونجی اسلام پر خرچ کردی۔ علامہ مفتی محمد زبیر فہیم نے کہا کہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین تاریخی نہیں بلکہ قرآنی شخصیات ہیں۔علامہ شہزاد مجددی سیفی نے کہا سیدنا صدیق اکبرؓوہ ہستی ہیں جنہوں نے صاحبِ قرآن کے سینے سے قرآن لیا۔کانفرنس میں ڈاکٹر میر آصف اکبر قادری، مفتی غلام اصغر صدیقی، راجہ زاہد محمود، علامہ اشفاق چشتی، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، علامہ ڈاکٹر نور الزمان نوری سمیت علمائے کرام اور عام الناس نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ 

ای پیپر دی نیشن