راولپنڈی(خبر نگار)جماعت جلالیہ پاکستان ہر سال یوم سیدنا صدیق اکبرکے موقع پر حضرت سیدنا صدیق اکبر کانفرنسز کا انعقاد کرتی ہے، امسال جماعت جلالیہ پاکستان نے ایوان اقبال لاہور کے بعد راولپنڈی آرٹس کونسل میں حضرت صدیق اکبر کانفرنس منعقد کی، صدارت جماعت جلالیہ پاکستان کے سربراہ شیخ الحدیث مفتی پیر سید محمد نوید الحسن شاہ مشہدی سجادہ نشین آستانہ عالیہ بھکھی شریف اور نگرانی ڈاکٹر مفتی محمد ظفر اقبال جلالی مرکزی جنرل سیکرٹری جماعت جلالیہ پاکستان نے کی۔ کانفرنس میں مولانا غلام سرور ہزاروی،سید جہانگیر شاہ سعیدی ، حریت رہنماسید منظور جیلانی ، حریت رہنماعبد الحمید لون،ڈاکٹرعظیم فاروقی ،سید راشد گردیزی،مولانا سعید اختر صدیقی،ڈاکٹر عبد القادر سکندری،مولانا عبد الرزاق سعیدی،ڈاکٹر محمد اسلم جلالی،مولانا مفتی رفاقت علی جلالی،مولانا مفتی ماجد نواز جلالی،مولانا حسنات احمد صابری،مولانا اقبال ہزاروی،مفتی توحید احمد ہزاروی سمیت مختلف شعبہ ہائے حیات سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی،مقررین نے کہا کہ حضرت سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کا طرز زندگی امت مسلمہ کے لیے مشعل راہ ہے، ہمیں جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہو کر ملک کی تعمیر وترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔آپ کا طرز حکمرانی اسلامی تعلیمات کا مظہر اور مسلم حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہے۔ آپ نے دین اسلام اور تحفظ ناموس رسالت ؐ کے لیے ناقابل فراموش خدمات سرانجام دیں۔مزید کہا کہ حضرت سیدنا ابوبکر صدیق کااپنے پیارے نبی ؐ سے جذبہ وفاداری وفداکاری مثالی تھا۔ آپ کا طرز حکمرانی تعمیر وترقی وقیام امن کی ضمانت ہے۔ ڈاکٹر محمد ظفر اقبال جلالی نے کہا کہ حضرت ابو بکر صدیق نے دین اسلام اور بانی اسلام کیلئے لازوال قربانیاں پیش کیں۔آپ حب رسول اور اخلاق نبوی کا عملی نمونہ تھے، آخر میں آل پاکستان بین المدارس مقابلہ حسن تقریر میں پوزیشن حاصل کرنیوالے طلبا میں نقدی،شیلڈز اور سرٹیفیکیٹ تقسیم کیے گئے۔
صدیق اکبرؓ کا طرز حکمرانی مسلم حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہے، نوید الحسن شاہ مشہدی
Jan 08, 2024