راولپنڈی (سٹاف رپورٹر )جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی کے نائب امیر اور ضلعی انتخابی کمیٹی کے سربراہ سید عزیر حامد نے کہا ہے کہ الحمد للہ راولپنڈی ضلع کی تمام قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر جماعت اسلامی کے با صلاحیت ' جرآتمند اور دیانتدار امیدوار موجود ہیں۔ ان شا اللہ عوام 8 فروری کے الیکشن میں ترازو کے نشان پر مہر لگائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی اسمبلی حلقہ این اے 54 اور حلقہ این اے 57 کی کور کمیٹی کے مشترکہ اجلاس میں انتخابی جائزے کے بعد شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کی صدارت امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کی۔ اس اجلاس میں آئندہ کی پلاننگ اور مشاورت بھی کی گئی۔ اجلاس میں ضلعی جنرل سیکرٹری عتیق احمد عباسی کے علاوہ امیدواران قومی و صوبائی اسمبلی اور دیگر ذمہ داران نے بھی شرکت کی۔ سید عزیر حامد نے کہا کہ عوام 8 فروری کو آزمائے ہوئے بہروپیوں کو مسترد کر دیں گے۔ لوگ ان کے وعدوں اور دعوں کو سن سن کر تنگ آ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہل اور دیانتدار نمائندوں کے آنے سے ہی ہمارے مسائل حل ہوں گے۔ سابقہ حکمران جماعتیں ہی پاکستان کے مسائل کی ذمہ دار ہیں۔ اب کرپشن میں لت پت لوگوں سے جان چھڑانے کا وقت آ گیا ہے۔
عوام 8 فروری کو ترازو کے نشان پر مہر لگائیں گے،سید عزیر حامد
Jan 08, 2024