بنگلادیش ٹیم کے کپتان شکیب الحسن حالیہ پارلیمانی انتخابات میں بھاری اکثریت سے جیت کر رکن پارلیمنٹ منتخب ہوگئے۔شکیب الحسن نے سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی حکمران جماعت عوامی لیگ کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لیا تھا۔بنگلادیش کی کرکٹ ٹیم کے تینوں فارمیٹ کی قیادت کرنے والے 36 سالہ آل راؤنڈر شکیب الحسن نے مغربی قصبے میں واقع ماگورا حلقے میں اپنے حریف کو ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ ووٹوں کے بڑ ے مارجن سے شکست دی۔ضلع کے چیف ایڈمنسٹریٹر ابو ناصر بیگ نے کرکٹر کی جیت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک زبردست فتح ہے۔شکیب نے الیکشن سے پہلے بات کرتے ہوئے تسلیم کیا تھا کہ انہیں کسی سنگین رکاوٹ کا سامنا نہیں ہے لیکن مقابلہ اب بھی انہیں پریشان کررہا ہےبنگلادیشی کپتان نے تاحال کرکٹ سے ریٹائرمنٹ نہیں لی ہے، وہ بیک وقت تینوں کرکٹ فارمیٹس میں کپتان ہیں اور آئی سی سی رینکنگ میں آل راؤنڈرز کی فہرست میں نمبر ون پر ہیں۔دوسری جانب بنگلادیش کے عام انتخابات میں ایک بار پھر شیخ حسینہ واجد کی جماعت بڑے پیمانے پر کامیابی حاصل کرکے حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق بنگلادیش کے عام انتخابات میں اپوزیشن جماعتوں نے بائیکاٹ کیا جس کے بعد شیخ حسینہ واجد کی جماعت عوامی لیگ نے بڑی کامیابی حاصل کی۔عوامی لیگ کی الیکشن میں کامیابی کے بعد شیخ حسینہ واجد کے پانچویں مرتبہ بنگلادیش کی وزیراعظم بننے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔