وزیراعلٰی ہاؤس کراچی میں ہونے والے اجلاس کے دوران موجود ارکان کی اکثریت کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے سندھ کو اس کے حصے سے بھی کم پانی ملے گا جس سے صوبے کی فصلوں کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ اس موقع پر سید قائم علی شاہ نے کہا کہ صوبے میں سڑکوں اور نہروں کی تعمیر اور دیگرمنصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے یہ ہدایت بھی کی کہ سندھ کے بالائی حصوں میں بدامنی پر کنٹرول پانے اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت بے زمین ہاری خواتین میں مفت زمین فراہم کی جائے۔ اجلاس میں محکمہ زراعت، آبپاشی و بجلی میں ربط کو یقینی بنانے کے لئے تینوں محکموں کے افسروں پر مشتمل ایک ادارہ قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔