دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ ملاقات بیجنگ میں ہوئی ۔ اس موقع پرچینی وزیراعظم وین جیا باؤنے کہا کہ صدر پاکستان کے تسلسل کے ساتھ بیجنگ کے دورے چین سے محبت کی عکاسی کرتے ہیں ، جس پرصدرآصف زرداری نے کہا کہ چین اور پاکستان کے تعلقات خطے میں امن کی ضمانت ہیں۔ اس سے قبل صدر نے وفد کے ہمراہ چین کی شن خواہ یونیورسٹی کا دورہ کیا ۔ بیجنگ میں شن خواہ یونیورسٹی کے دورے کے موقع پر انہوں نے گندھارا اور موہنجودڑو کی ثقافت سے متعلق نمائش کا افتتاح کیا ۔ ایک ہفتے تک جاری رہنے والی اس نمائش کا اہتمام شن خواہ یونیورسٹی کے پاکستانی ثقافت و ابلاغ عامہ کے مرکز نے کیا ہے۔ اس کے علاوہ صدر آصف زرادری نے شن خواہ یونیورسٹی کے سربراہ کوپنگلن سے ملاقات اور یونیورسٹی میں زیرتعلیم پاکستانی طلباء سے خطاب بھی کیا ۔ صدر زرادری کا کہنا تھا کہ شن خوا یونیورسٹی جدید تعلیم کا مرکز ہے جہاں سے نامور سائنسدانوں نے تعلیم حاصل کی۔ انہوں نےکہا کہ اس ادارے میں زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کو تعلیم حاصل کرنی چاہیے، تاکہ وہ وطن واپس آکر ملک کی حقیقی معنوں میں خدمت کرسکیں۔