بھارت مذاکرات سے کچھ حاصل نہیں ہو گا‘ پاکستانی حکمران زخموں پر نمک پاشی کر رہے ہیں : علی گیلانی

بھارت مذاکرات سے کچھ حاصل نہیں ہو گا‘ پاکستانی حکمران زخموں پر نمک پاشی کر رہے ہیں : علی گیلانی

لاہور (سید شعیب الدین سے) بزرگ کشمیری رہنما سید علی گیلانی نے کہا ہے پاکستان کو بھارت سے بات چیت سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ 65 برسوں میں پاکستان اور بھارت کے درمیان 150 ملاقاتیں، ڈائیلاگ، کانفرنسیں، مذاکرات ہوئے مگر کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ بھارت ایک طرف مذاکرات کی بات کرتا ہے دوسری طرف کہتا ہے کشمیر ہمارا اٹوٹ انگ ہے۔ ایسے حالات میں لاکھوں بار بات چیت کا بھی کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا کچھ حاصل نہیں ہو گا۔ نوائے وقت سے ٹیلیفون پر خصوصی بات چیت میں پاکستان بھارت مذاکرات اور ٹریک ٹو ڈپلومیسی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا بھارت سے مذاکرات کی بات کرکے پاکستانی حکمران جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے زخموں پر نمک پاشی کررہے ہیں۔ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے مظالم سہنے والوں، لاکھوں شہدا کی قربانیاں دینے والوں کا پاکستانی حکمرانوں سے مطالبہ ہے غیرتمندی کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا پاکستان کو کشمیر، دریاﺅں کے پانی کے مسئلہ پر سٹینڈ لینا چاہئے۔ معذرت خواہانہ رویہ اور انداز ترک کرنا چاہئے۔ بھارت کے سامنے سجدہ ریز ہونے کی کوشش بند کر دیں۔ حکمران غیرتمندانہ سٹینڈ لیں جب تک کشمیر سے بھارتی افواج نکل نہیں جاتیں، کشمیر کی حیثیت بحال نہیں کردی جاتی، 20\20 برس سے جیلوں میں قید کشمیری آزاد نہیں کئے جاتے، اس وقت تک بات چیت کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا۔ انہوں نے کہا بھارت سے بات چیت سہ فریقی سطحی پر ہونی چاہئے۔ کشمیر کا واحد قابل قبول جمہوری حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کو اپنانے میں ہے۔ بھارت اقوام متحدہ میں کئے وعدے پورے کرے، کشمیر پر بھارت کے فوجی قبضے کا کوئی جواز نہیں۔ بھارت سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں سہ فریقی سطح پر بات چیت ہونی چاہئے۔ مذاکرات میں پاکستان اور بھارت کے بعد تیسرا فریق کشمیر کے آزادی پسند عوام اور انکے نمائندے ہونے چاہئیں۔ بھارت نواز پٹھو جماعتیں مذاکرات کا حصہ نہیں ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا 6 لاکھ کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی۔ آج بھی 10 ہزار کشمیری لاپتہ ہیں، 60 ہزار سے زیادہ قبریں دریافت ہو چکی ہیں۔ دن دیہاڑے بھارتی فوجی کشمیری خواتین کی عزتیں لوٹ رہے ہیں، یہ سلسلہ اب بند ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا بھارت کے آئین کے دائرے میں رہ کر کشمیر کے مسئلہ کے حل کی کوشش قبول نہیں ہیں۔ آخری وقت تک ایسی کوششوں کیخلاف لڑتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کشمیر کا کوئی ایسا حل قبول نہیں جو ہماری جدوجہد اور قربانیوں کے منافی ہو۔ اللہ وہ دن نہ دکھائے کہ پاکستانی حکمران بھارت کے آگے جھک جائیں اور سٹیٹس کو قبول کر لیں۔ انہوں نے کہا پاکستانی عوام کیلئے پیغام ہے کہ ہم انسانی، دینی رشتے سے اور ہمسائے کے رشتے سے بھائی ہیں۔
علی گیلانی

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...