”ضمنی الیکشن میں دھاندلی کے نتائج خطرناک ہونگے“ عمران اختر مینگل کی ملاقات

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) بی این پی کے سربراہ اختر مینگل نے گزشتہ روز وفد کے ہمراہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی اور انکی مزاج پرسی کی۔ اس دوران ملکی صورتحال، بلوچستان کے حالات، لاپتہ افراد اور سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر عمران خان نے کہا بی این پی کی انتخابات میں شرکت خوش آئند ہے۔ دریں اثناء آئی این پی کے مطابق عمران خان نے مریدکے سے آنیوالے پارٹی وفد جس کی قیادت رانا انوار الحق کر رہے تھے، سے گفتگو کرتے ہوئے کہا حکومت کا امریکی ڈرون گرانے کا حکم نہ دےنا اصل میں ڈرون حملوں میں حکومت کی مرضی کا شامل ہونا ہے۔ پاکستانی قوم حکمرانوں کی دوغلی پالیسی کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کریگی۔ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے طاقت کے استعمال کی بجائے مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔ آئی ایم ایف سے قرضہ لینا کشکول اُٹھانا نہیں تو کیا ہے؟ ضمنی انتخابات الیکشن کمیشن اور حکومت کا امتحان ہونگے کہیں بھی دھاندلی ہوئی تو اس کے خطرناک نتائج نکلیں گے۔ حکومت کی اے پی سی بامقصد نہ ہوئی تو ملکی مسائل میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا اگر موجودہ حکمران ملک سے مخلص ہیں تو ان کو چاہئے کہ فوری طور پر ائرچیف کو ڈرون طیارے گرانے کا حکم دیں تاکہ ملک کی سلامتی اور خود مختاری پر ہونےوالے ان حملوں کو روکا جاسکے۔ انہوں نے کہا دہشت گردی پاکستان کا اہم مسئلہ ہے لیکن یہ طاقت سے حل نہیں ہوگا اس کیلئے ہر صورت مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا پڑیگا۔ 

ای پیپر دی نیشن