اسلام آباد (این این آئی) اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ملاقات کی جس میں قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کے چیئرمین اور ارکان امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دیدی گئی اقلیتوں سے متعلق قومی کمیشن کیلئے ناموں پر اتفاق کرلیا گیا ہے کچھ روز میں نوٹیفکیشن جاری ہوجائے گا۔ ذرائع کے مطابق خورشید شاہ سے اسحاق ڈار نے اقلیتوں کے قومی کمیشن کے قیام پر بات چیت کی، وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہاکہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر نے اتفاق رائے سے نام فائنل کئے ہیں انسانی حقوق کمیشن کے چیئرمین کے ارکان کیلئے نام وزیراعظم کی طرف سے سپیکر کو بھیجے جائیں گے، چار رکنی پارلیمانی کمیٹی امیدواروں کے انٹرویو کریگی۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ اقلیتوں سے متعلق قومی کمیشن کیلئے بھی ناموں پر اتفاق کرلیا گیا ہے، اقلیتوں کے قومی کمیشن میں چار مسلم، دو مسیحی، دو ہندو، ایک پارسی اور ایک سکھ شامل ہوگا، کمیشن کے دس ناموں کو حتمی شکل دیدی گئی، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہاکہ اوکاڑہ فارمز تنازعہ پرانا معاملہ ہے، اس کا حل نکالا جائے، اوکاڑہ کے مزارعین کا زرعی فارمز پر حق ہے جو انہیں دیا جائے۔ چیف آف آرمی سٹاف اوکاڑہ فارمز پر مزارعین کی ہلاکت کے معاملے کو دیکھیں، ہم چاہتے ہیں ملک میں فوج کی عزت بڑھے، اوکاڑہ فارمز تنازعے سے عوام میں تاثر جاتا ہے کہ طاقت کے بل بوتے پر سب کیا جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات قائد ِ حزب اختلاف کی جانب سے 25 جون کو وزیراعظم کو لکھے جانے والے خط کے بعد عمل میں لائی گئی اپنے اس خط میں سید خورشید شاہ نے یہ موقف اختیار کیا تھا کہ جسٹس (ریٹائرڈ) فخر الدین جی ابراہیم نے الیکشن کمیشن کے سربراہ کی حیثیت سے اکتیس جولائی 2013 کو استعفیٰ دیا تھا، جس کے بعد جسٹس ناصر الملک کو قائم مقام چیف الیکشن کمیشن مقرر کیا گیا تھا تاہم ابھی تک اس معاملے پر اپوزیشن سے مشاورت نہیں کی گئی۔
اقلیتیں ؍ کمشن