اسلام آباد(ثناء نیوز) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے بھارتی افواج کی جانب سے کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔ ذرائع ابلاغ کی اطلاعات کے مطابق راولاکوٹ کے علاقہ عباسپور میں بھارتی فوج نے بلا اشتعال فائرنگ کی جس سے ایک شہری زخمی ہوا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارتی حکومت اپنی مسلح افواج کی جانب سے اس بلا اشتعال کارروائی کا فوری نوٹس لے اور مستقبل میں اس قسم کی کاروائیوں کا سدباب کرے۔ انہوں نے کہا کہ اب جبکہ پاکستان اور بھارت ایک دوسرے کے ساتھ تصفیہ طلب مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ ہیں تو اس قسم کے واقعات حالات کو سلجھانے کی بجائے مزید الجھائیں گے۔ پاکستان ہمیشہ سے بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہاں رہا ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ اپنے ہمسایہ ممالک کی سرحدوں کا احترام کیا ہے اور کرتا رہے گا۔
بھارتی حکومت راولاکوٹ میں اپنی فوج کی بلااشتعال کارروائی کا نوٹس لے: برجیس طاہر
Jul 08, 2014