لاہور میں ایک کروڑ سے زائد کے ڈاکے، مزاحمت پر فائرنگ سے شہری قتل، ایک زخمی

لاہور( نامہ نگار) لاہور میں ڈاکوئوں اورچوروں نے وارداتوں کے دورا ن لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات،موبائل فون، گاڑیوں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا جبکہ مزاحمت پرشہری کو فائرنگ کر کے قتل اور ایک نوجوان کوشدید زخمی کر دیا۔ جنوبی چھائونی کے علاقہ بھٹہ چوک میں تین ڈاکوئوں نے ایل اے الیکٹرک سٹور میں گھس کر دکان کے مالک لیاقت سے اسلحہ کے زور پر نقدی اور موبائل چھیننے کی کوشش کی جس پر لیاقت نے مزاحمت کی تو ڈاکو ئوں نے فائرنگ کرکے اسکو موت کے گھاٹ اتار اور فرار ہو گئے۔ لیاقت بھٹہ چوک کا رہائشی اور پانچ بچوں کا باپ تھا۔ اطلاع ملنے پر سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید سمیت دیگر افسران موقع پرپہنچ گئے۔ پولیس نے نعش قبضے میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے جمع کرا دی ہے۔ نشتر کالونی میںڈاکوئوںنے محمدقاسم کی دکان میںگھس کراس سے نقدی اورموبائل فون چھیننے کی کوشش کی تو قاسم نے مزاحمت کر دی جس پر ڈاکوئوںنے اسے فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔ گلبرگ کے علاقہ میں ایک بیکری کے باہر پارکنگ سے چوروں نے آئی جی ریلوے کی بہن ثمینہ امام کی کار چوری کر لی۔ ڈاکوؤں نے جنوبی چھائونی کے علاقہ میں احسن کے گھر میںگھس کرگن پوائنٹ پراہلخانہ کو یرغمال بنا کر 13لاکھ روپے مالیت،فیصل ٹائون کے علاقہ ایل ڈی اے فلیٹس میں ایف آئی اے کی وردیوں میںملبوس ڈاکوئوںنے خرم کے گھر میںداخل ہو کر 10لاکھ روپے کے طلائی زیورات، نقدی، ڈاکوئوںنے سمن آباد میں نعمان کی فیملی سے 2لاکھ روپے کی نقدی و زیورات،غازی آباد میں ماجد کی فیکٹری سے 3لاکھ روپے کی 12 بیڑیاں، شاہدرہ میں سید قرار حسین سے ایک لاکھ 10ہزار اورموبائل فون، چوہنگ میں محمد عباس سے موٹر سائیکل، 50 ہزار روپے اورموبائل فون،مزنگ میں موٹر سائیکل، 45ہزار روپے اورموبائل فون،جوہر ٹائون میںایاز محمود سے 50ہزار روپے،جوہر ٹائون میں ذوالفقار سے لیپ ٹاپ، 35ہزار روپے اورموبائل فون،شمالی چھائونی میں مصطفی کمال سے 60ہزار، ڈیفنس اے مزمل سے 45ہزار، غالب مارکیٹ میںعاطف سے 14ہزار روپے اورموبائل فون لوٹ لیا۔چوروں نے ڈیفنس اے میں سیدشرجیل کے گھر کے تالے توڑ کر 20لاکھ روپے، راوی روڈ کے علاقہ میںسید خالد کے گھر کے تالے توڑ کر 18لاکھ روپے، باغبانپورہ میں غلام علی کے گھر سے 14لاکھ روپے، جوہر ٹائون میںشہزا د کے گھر کے تالے توڑ کر 10لاکھ روپے کا سامان چوری کر لیا۔چوروں نے نصیر آباد سے حساس ادار ے کے (ر) افسر اعظم، گرین ٹاؤن سے خرم، قائد اعظم انڈسٹریل ایریا سے اعجاز کی کاریںجبکہ شاد باغ سے باسط، سبزہ زا رسے حافظ ظہیر، ہربنس پورہ سے اعجاز، شاہدرہ سے مسعود کی موٹر سائیکلیں چوری کر لیں۔ لاہور کے علاقہ شفیق آباد میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ ایک ڈاکو فرارہوگیا۔ فیروز والا سے نامہ نگار کے مطابق جی ٹی روڈ پر واقع آبادی مبارک آباد میں ڈاکوئوں نے ایک موبائل شاپ میں گھس کر مالک دکان سے دو لاکھ روپے کی رقم، موبائل چھین لیا۔ مزاحمت پر ڈاکوئوں نے گولی مار کر دکاندار مقبول حسین کو شدید زخمی کردیا اور فرار ہوگئے۔ ڈاکوئوں نے یوسف کے آفس میں گھس کر گن پوائنٹ پر 50 ہزار روپے اور دو موبائل چھین لئے ۔ پولیس نے واقع کی رپورٹ درج کرلی۔ علاوہ ازیں موٹروے فیض پور کے قریب ڈاکوئوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ڈکیتی کی واردات میں ناکامی پر ڈاکوئوں نے گاڑی پر فائرنگ کردی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ پر ڈاکو فرار ہوگئے۔

ای پیپر دی نیشن