لاہور (نوائے وقت رپورٹ) ق لیگ کے سینئر رہنما چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ شریف برادران نے اپنا نام جمہوریت رکھا ہے، حکمران جلد بھاگیں گے اور کسی کو نظر نہیں آئیں گے۔ ڈاکٹر طاہر القادری سے ماڈل ٹائون میں ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون کی نہ تو ایف آئی آر درج ہوئی نہ کوئی گرفتاری عمل میں آئی۔ مین ہول میں کوئی شخص گر جائے تو واسا کے ایکسین تک گرفتار کرلئے جاتے ہیں، سانحہ ماڈل ٹائون میں 15 لوگ مارے گئے لیکن کچھ نہیں کیا گیا۔ شہباز شریف یہ سب کچھ جمہوریت کی آڑ میں کررہے ہیں۔ نظام کی تبدیلی تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ سیاسی جماعتوں سے رابطے جاری ہیں۔