آئی ڈی پیز کیلئے فنڈ ریزنگ مہم، طلبا و طالبات ہراول دستے کا کردار ادا کرینگے: حمزہ شہباز

Jul 08, 2014

لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہبازشریف نے کہا ہے کہ آئی ڈی پیز کی مد د کیلئے بھر پور فنڈ ریزنگ مہم کا آغاز کردیاگیاہے۔ مہم میں تاجر، صنعتکار، کسان ،علمائے کرام، اساتذہ کرام، طالبعلم، سرکاری ملازمین اور اوورسیزپاکستانیزسمیت ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہوگئے ہیں۔ مختلف وزراو ارکان اسمبلی کی قیادت میں فنڈریزنگ کمیٹیاں قائم کرکے انہیں فعال کردیاگیاہے۔ پوری قوم آزمائش کی اس گھڑی میں اپنا گھر باہر چھوڑ کر آنے والے آئی ڈی پیزکے ساتھ ہیں۔ ان خیالات کے اظہار انہوں نے ماڈل ٹائون آفس میں آئی ڈی پیز کی مدد کیلئے قائم وزیر اعلی کمیٹی کے اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں کمیٹی کے ارکان صوبائی وزرا ء رانا مشہود احمدخان ، چوہدری محمد شفیق ، ایم این اے پرویز ملک ،خواجہ احمد حسان او رسیکرٹری اطلاعات مومن علی آغانے شرکت کی۔ حمزہ شہبازشریف نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ آئی ڈی پیز کی بے مثال قربانیاں نہ صر ف پاکستان کی جغرافیائی و نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کی ضامن ثابت ہوں گی بلکہ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کے بعدامن اور ترقی کی صورت میں ان قربانیوں کا صلہ ملے گا۔ آئی ڈی پیز کی موثر امدا د کے لئے جامع منصوبہ بندی کرکے عملی کام شروع کردیا گیاہے۔ یونیورسٹیزاو ر کالجز کے طلباء و طالبات اس مہم میں ہراول دستے کا کردار ادا کریں گے۔ پنجاب یوتھ فیسٹیول کے رجسٹرڈ شد ہ 48لاکھ طلبا ء و طالبات کو فنڈ ریزنگ مہم کیلئے رضا کار بنادیا گیا ہے۔ مختلف وزراء ،ارکان اسمبلی ،تاجر نمائندوں ،علماء اور سماجی رہنمائوںکو ڈیوٹیاں تفویض کردی گئی ہیں۔ حمزہ شہباز نے اجلاس کے شرکاء پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ فنڈ ریزنگ کیلئے ہر طبقے کے افراد سے رابطہ کریں۔ ضلع و تحصیل ،قصبہ ،گائوںاور مارکیٹ کی سطح پر فنڈ ریزنگ کمیپ لگائے جائیں۔

مزیدخبریں