ملک میں ٹیکس کلچر کو فروغ دئیے بغیر مجموعی اقتصادی ترقی ممکن نہیں: اسحاق ڈار

Jul 08, 2015

اسلام آباد(اے پی پی+آن لائن) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت ٹیکس دھندگان کے قومی خزانے میں حصہ ڈالنے کے کردار کو سراہتی ہے اور ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کو ٹیکس کے دائرہ میں لانے کیلئے پرعزم ہے۔ وہ منگل کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے سینئر حکام کے ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ایف بی آر کے انتظامی اور مالی معاملات کے ساتھ ساتھ ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے سے متعلق اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک میں ٹیکس کلچر کو فروغ دیئے بغیر مجموعی اقتصادی ترقی کا مقصد حاصل نہیں کیا جاسکتا۔ اس موقع پر چیئرمین ایف بی آر نے وفاقی وزیر کو ٹیکس کی بنیاد کو وسعت دینے کے مجوزہ لائحہ عمل کے بارے میں بریفنگ دی۔ اسحاق ڈار نے کہاکہ ایشیائی ترقیاتی بنک پاکستان کا اہم پارٹنر ہے۔ ایشیئن ڈویلپمنٹ بنک نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایشیائی ترقیاتی بنک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سمیع سعید سے اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ایشیائی ترقیاتی بنک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سمیع سعید کو بیجنگ میں ایشیئن انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ بنک کے آرٹیکلز آف ایگریمنٹ کے حوالے سے ہونے والی پیشرفت پر آگاہ کیا۔ اس موقع پر سمیع سعید نے کہا کہ ایشیئن انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ بنک کا ایشیئن ممالک کے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ میں اہم رول ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ توانائی سیکٹر ریفارم پروگرام کے تحت پاکستان کو 400 ملین ڈالر کی رقم دی جائے گی جس کی بورڈ سے منظوری ہونا باقی ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ انہوں نے اقوام متحدہ میں قومی، علاقائی اور بین الاقوامی اہمیت کے قانون پر پاکستان کے نقطہ نظر کو اجاگر کرنے کے حوالے سے اپنی کوششوں کے بارے میں وفاقی وزیر کو آگاہ کیا۔ستمبر میں ہونے والے جنرل اسمبلی کے اجلاس اور اقوام متحدہ میں پاکستان سے متعلق اہم معاملات کے بارے میں بریفنگ دی۔

مزیدخبریں