لاہور (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار) شیر خدا امیر المومنین حضرت علی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ کا یوم شہادت 21 رمضان المبارک کل (جمعرات کو) عقیدت و احترام سے منایا جائیگا۔ پاکستان سمیت آزاد کشمیر و گلگت بلتستان میں خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی، چھوٹے بڑے شہروں میں یوم علیؓ کی مناسبت سے جلوس، سیمینارز ، کانفرنسیں ہونگی جبکہ مساجد ،امام بارگاہوں سمیت مختلف مقامات پرخلیفہ چہارم کی شخصیت اور کردار کے حوالے سے خصوصی تقریبات اور مجالس کا اہتمام کیا جائیگا جن میں داماد رسولؐ حضرت علی کرم اللہ وجہہ کی سیرت مبارکہ اور فضائل بیان کئے جائیں گے۔ لاہور میں اندرون شہر مبارک حویلی موچی دروازہ سے کربلاگامے شاہ تک مرکزی جلوس نکالا گیا۔ اس موقع پر انتظامیہ کی جانب سے فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ سے جانب سے مرکزی جلوس کے داخلی راستوں اور روٹ پر جامہ تلاشی کیلئے خصوصی چیک پوسٹس قائم کی جائیں گی۔ سیکنرز اور میٹل ڈیٹیکٹر کے ذریعے ہر آنے والے کو سکریننگ کے بعد جلوس میں میں داخل ہو نے دیا جائیگا۔ نامہ نگار کے مطابق پنجاب بھر میں یوم حضرت علیؓ پر نکلنے والے 181 جلوسوں اور 863 مجالس کے لئے پولیس کے 38 ہزار 3 سو 56 اہلکار جبکہ 5 ہزار 7 سو 47 پرائیویٹ رضاکار اور 887 پیس کمیٹیوں کے اہلکار سکیورٹی کے فرائض ادا کریں گے۔ تمام جلوسوں اور مجالس کے روٹس کی سکیننگ اور ان کی حفاتظ کے لئے تین مقامات پر سکیورٹی تعینات کی جائے گی۔ یہ فیصلہ پولیس آفس لاہور میں آئی جی پنجاب کی سربراہی میں پہلی ویڈیو آر پی او کانفرنس میں کیا گیا۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ تمام فیلڈ افسر یوم حضرتؓ کے حوالے سے طے کیا جانے والا سکیورٹی ایس او پی بعدازاں یوم القدس پر بھی اختیار کریں گے۔ کانفرنس میں رمضان المبارک کے آخری عشرے میں خصوصی طور پر تراویح، اعتکاف اور دیگر عبادات کے لئے عبادت گاہوں میں لوگوں کی سکیورٹی کے لئے پلان کو بھی حتمی شکل دی گئی۔