راولپنڈی (اے پی پی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب میں دہشت گردوں کو کامیابی سے ان کے مستحکم ٹھکانوں سے نکال دیا گیا اور ان کے مکمل خاتمہ تک یہ آپریشن جاری رہے گا ،پاکستان نے علاقائی امن کیلئے ناقابل فراموش قربانیاں دی ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق وہ اپنے سرکاری دورہ جنوبی افریقہ کے موقع پر نیشنل ڈیفنس کالج کے ایلومنائی اور انسٹی ٹیوٹ آف سکیورٹی سٹڈیز میں الگ الگ بات چیت کررہے تھے۔ یہ بات چیت جنوبی ایشیا میں سلامتی کی صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار پر محیط تھی۔ دہشت گردی کے خلاف آپریشن میں ہماری بے مثال کامیابیاں اس بات کی دلیل ہیں کہ پاکستان کی مسلح افواج دنیا کی بہترین تربیت یافتہ اور جنگجو فوج ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم انتہائی باہمت ہے دہشت گردی کے خلاف دہشت گردی کا نشانہ بننے کے باوجود خطے سے دہشت گردی کے خاتمے کے ہمارے عزم میں بطور قوم کمی نہیں آئی ہے۔ آرمی چیف نے کہا دہشت گردی کے خلاف قومی جیت ہماری مشترکہ کامیابی ہے، پاکستانی قوم دنیا کی ابھرتی ہوئی پرعزم قوم ہے۔ پاکستان نے خطے میں امن کیلئے بے مثال قربانیاں دیں۔