بغیر سائیلنسر موٹر سائیکل چلانے والوں کےخلاف کارروائی کب ہوگی ؟

Jul 08, 2017

شہر قائد میں فضائی آلودگی کے ساتھ صوتی آلودگی (NOISE POLUTION)خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے۔منچلے نوجوان بغیر سائیلنسر موٹر سائیکل پورے شہر میں دندناتے پھرتے ہیں ۔ انہیں کوئی روکنے والا نہیں۔ جس سے ایک طرف صوتی آلودگی (NOISE POLUTION)تیزی سے بڑھ رہی ہے تو دوسری طرف بزرگ ‘بلڈ پریشر اور امراض قلب کا شکار شہر ی سخت اذیت کا شکار ہیں ۔ اگر ہم رات 10 بجے کے بعد ٹاور تا سرجانی کا دورہ کریں تو معلوم ہوگا باقاعدہ آٹھ دس بغیر سائیلنسر موٹر سائیکل سوار نوجوانوں کا غول دندناتے پھرتا ہے۔ ان مرکزی سڑ کوں کے اطراف کے مکینوں کے لئے عذاب سے کم نہیں۔ یہ اوباش نوجوان انتہائی غیر ذمہ دارانہ انداز میں موٹر سائیکلیں چلاتے ہیں جس کے باعث اطراف سے گزر نے والے موٹر سائیکل سوار گھبراہٹ کا شکار ہو کر حادثے کی نذر ہو جاتے ہیں ۔ دوسری جانب نارتھ کراچی‘ اورنگی ‘ گلشن اقبال‘ شیر شاہ ‘ بلدیہ ٹاﺅن‘ کورنگی‘ و دیگر علاقوں میں دن اور رات کے اوقات میں بغیر سائیلنسر موٹر سائیکل سوار شہریوں کے لیے مشکلات کا سبب بن رہے ہیں۔ٹریفک اہلکار کی توجہ ان عناصر کے خلاف کاررروائی کی بجائے عام شہریوں اور موٹر سائیکل سواروں سے بھتہ وصولی پر ہے۔ میری اخبار کے توسط سے آئی جی سندھ اور ڈی آئی جی ٹریفک سے اپیل ہے کہ بغیر سائیلنسر موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف فی الفور آپریشن شروع کیا جائے۔ (حذیفہ نور ۔ کراچی )

مزیدخبریں