صوبائی وزیر داخلہ سے چینی وفد کی ملاقات‘سیکیورٹی امورپرتبادلہ خیال

Jul 08, 2017

کراچی (وقائع نگار)صوبائی وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال سے چائنہ کے جسٹس ڈپارٹمنٹ کے 9 رکنی وفد نے ان کے دفتر میں ملاقات کی جس کی قیادت چائنہ کے جسٹس ڈپارٹمنٹ کے نائب وزیرLiu Zhenyuنے کی جن کے ہمراہ قونصل جنرل چائنہWang Yu بھی موجود تھے۔ ملاقات میں صوبائی وزیر داخلہ کے ہمراہ ہوم سیکریٹری سندھ قاضی شاہد پرویز، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی، آئی جی جیل خانہ جات نصرت حسین منگن کے علاوہ دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے۔ ملاقات میں سی پیک اور دیگر منصوبوں کے حوالے سے سندھ میں مقیم چینی افراد کی سیکورٹی سمیت دیگر اہم امور زیر بحث آئے۔ وزیر داخلہ سندھ نے اس موقع پر چائنہ جسٹس ڈپارٹمنٹ کے وفد سے جیلوں میں موجود قیدیوں کے انتظامات کو بہتر بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور جیل میں سہولتوں کی دستیابی سمیت قیدیوں کی فنی و اخلاقی تربیت پر بھی بات چیت کی۔ جیلوں میں موجود قیدیوںکی فنی اور اخلاقی تربیت کے پہلو پر بات کرتے ہوئے سہیل انور خان سیال کا کہنا تھا کہ سندھ کی جیلوں میں مقیم افراد کو ایک اچھا انسان اور معاشرے کا مفید شہری بنانے کے لئے ٹیکنیکل ایجوکیشن کی ترویج کے ساتھ ساتھ ان کے اخلاق کو بھی بہتر بنانے کے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔

مزیدخبریں