کراچی (سٹاف رپورٹر) سندھ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں رینجرز نے راہزنی اور دیگر جرائم میں ملوث سٹریٹ کریمنلز کے خلاف دہشت گردی کی دفعات لگانے کی سفارش کی ہے۔ سندھ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں رینجرز کی جانب سے دی گئی سٹریٹ کرائم پر تفصیلی بریفنگ میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ بریفنگ کی مزید تفصیلات کے مطابق دہشت گرد، جرائم پیشہ گروہ کا سب سے مضبوط نیٹ ورک سینٹرل جیل سے چلایا جا رہا تھا۔ رینجرز بریفنگ میں بتایا گیا کہ کراچی میں زیادہ تر وارداتیں ٹریفک جام اور لوڈشیڈنگ والے علاقوں میں ہوتی ہیں۔ غلط پارکنگ کی وجہ سے بھی سٹریٹ کریمنلز کو واردات کا موقع ملتا ہے۔ شہر میں نصب 2 ہزار 8 سو 41 کیمروں میں سے 250 خراب ہیں۔ بریفنگ کے مطابق چوری کے موبائل خریدنے والے دکاندار کریمنلز کے سہولت کار ہیں۔ چوری شدہ گاڑیوں کے پارٹس خریدنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی بھی ضرورت ہے۔ مارکیٹس میں کیمرے لگا کر جرائم کی شرح کم کی جا سکتی ہے۔ سٹریٹ کرمنل رخ بدل لیتے ہیں۔ جب بھی رینجرز کے اختیارات ختم ہوئے جرائم میں اضافہ ہوا۔ 2 روز قبل سندھ ایپکس کمیٹی کے اجلاس کی صدرات آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کی تھی۔ اس موقع پر اجلاس میں پائیدار امن کے لئے مستقل کوششیں کرنے پر اتفاق کیا گیا اور ہائی پروفائل دہشت گردوں کے جیل سے فرار ہونے کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔
سٹریٹ کریمنلز کیخلاف دہشت گردی کی دفعات لگائی جائیں: سندھ ایپکس کمیٹی کی سفارش
Jul 08, 2017