ایل او سی پر بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ وگولہ باری ، 2 خواتین سمیت 5شہری جاں بحق،9زخمی, پاک فوج کی بھر جوابی کارروائی

Jul 08, 2017 | 14:30

ویب ڈیسک

 آزاد جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل اوسی)پر بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ اورگولہ باری کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 5کشمیری جاں بحق جبکہ 9زخمی ہوگئے، پاک فوج نے بھر جوابی کارروائی کر کے بھارتی فوج کی بندوقیں خاموش کر دیں۔8جولائی کو معروف کشمیری نوجوان رہنما اور حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان مظفر وانی کی پہلی برسی کے موقع پر جہاں وادی میں کشمیری عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے وہیں بھارتی فورسز کی جانب سے ایل او سی پر آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھاری شیلنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ضلع پونچھ کے ڈپٹی کمشنر راجا طاہر ممتاز کے مطابق عباس پور اور حاجرہ سیکٹرز میں بھارتی فورسز کی فائرنگ اور گولہ باری صبح 6 بجے شروع کی گئی۔انہوں نے مزید بتایا کہ ٹیٹری نوٹ کراسنگ پوائنٹ کے نزدیک موجود گائوں بھیرا کے 75سالہ رہائشی محمد شریف شیلنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کا گھر بھی مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ان کا کہنا تھا کہ عباس پور سیکٹر میں مارٹر شیل کی زد میں آ کر 26سالہ فائزہ سلیم جاں بحق جبکہ 22سالہ ادیبہ اور 17سالہ ماہ نور زخمی ہوگئیں، تینوں خواتین کا تعلق ایک ہی گھرانے سے تھا۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق ایک اور 35سالہ خاتون عباس پور سیکٹر کے چافر گائوں میں جاں بحق ہوئیں۔عباس پور سیکٹر کی بتول اور چاترا گائوں میں 16سالہ رضوان حنیف اور 14سالہ فیضان علی بھی بھارتی فورسز کی اشتعال انگیزی کی زد میں آکر زخمی ہوگئے۔ڈپٹی کمشنر نے ابتدائی رپورٹس کے برخلاف متاثرین کی تعداد میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا۔دوسری جانب مقامی افراد اور سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فوج کی جانب سے بھارتی شیلنگ پر جوابی کارروائی کی گئی۔علاوہ ازیں نکیال سیکٹر میں بھی صبح سویرے ہونے والی فائرنگ سے 22سالہ انیبہ جمشید شدید زخمی ہوگئیں۔نکیال پولیس اسٹیشن کے حکام نے بتایا کہ بھارتی فورسز کی فائر کی گئی ایک گولی انیبہ کے سر میں آلگی جس سے وہ شدید زخمی ہوئی، جنہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال کوٹلی منتقل کردیا گیا۔واضح رہے کہ پاکستان اور بھارتی فوج کے درمیان کشمیر میں ایل او سی پر حالات کافی عرصے سے کشیدہ ہیں۔گذشتہ ماہ 28 جون کو ضلع کوٹلی کے جنوبی علاقے نکیال سیکٹر پر بھارتی فورسز کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور خاتون سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے تھے۔22جون کو نکیال سیکٹر میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے ایک خاتون اور کم سن لڑکی زخمی ہوئی تھی جبکہ 15جون کو ضلع بھمبر میں 2افراد زخمی ہوئے تھے۔یاد رہے کہ 12جون کو کوٹلی کے علاقے تتہ پانی میں بھارتی فوج کی شیلنگ کے نتیجے میں دو نوجوان جاں بحق اور 3زخمی ہوگئے تھے۔حکام کے مطابق رواں برس جنوری سے اب تک بھارت لائن آف کنٹرول پر 400سے زائد مرتبہ سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرچکا ہے جبکہ گذشتہ برس یہ تعداد 382تھی۔




مزیدخبریں