وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ عبد الستار ایدھی کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ خدمت خلق کواپنا شعار بنائیں اور اپنے اندر وہی خوبیاں پیدا کریں جو کہ ایدھی صاحب میں تھیں۔عبد الستار ایدھی کی پہلی برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عبد الستارایدھی (مرحوم) نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ انسانیت کا احترام ہر مذہب کی بنیاد ہے ان کی یاد مناتے ہوئے ضروری ہے کہ ہم ان کے کردار کو سامنے رکھیں اور وہ خوبیاں پیدا کریں۔ وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ عبد الستار ایدھی جیسے افراد صرف ملک و قوم ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت کا سرمایہ ہوتے ہیں۔انہوں نے اپنی زندگی خدمت خلق کے لیے وقف کر دی اور رنگ و نسل یا ذات اور مذہب کا فرق روارکھے بغیر ہر انسان کو بطور انسان اشرف المخلوقات کے مقام پر رکھا اور لوگوں کی خدمت کرنے کوسعادت جانا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عبد الستار ایدھی کے اسی کردار کی بدولت آج پوری دنیا انہیں قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
عبد الستار ایدھی کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ہے کہ خدمت خلق کواپنا شعار بنائیں: نواز شریف
Jul 08, 2017 | 15:01