برہان مظفر وانی تحریک آزادی کشمیر کے ایک نئے باب کا عنوان ہے،کشمیر کا بچہ بچہ آزادی کے جذبے سے سرشار ہے,اسلحہ کے زور پر قوموں کے جذبہ آزادی کو نہیں کچلا جا سکتا: نوازشریف

Jul 08, 2017 | 18:18

ویب ڈیسک

وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ کشمیر کا بچہ بچہ آزادی کے جذبے سے سرشار ہے اور بھارت کے غاصبانہ قبضے کو قبول کرنے کیلئے آمادہ نہیں،اسلحہ کے زور پر قوموں کے جذبہ آزادی کو نہیں کچلا جا سکتا ،برہان مظفر وانی تحریک آزادی کشمیر کے ایک نئے باب کا عنوان ہے، پاکستان اور کشمیریوں کا دل ایک ساتھ دھڑکتا ہے اور مصیبت کے ان لمحوں میں ہم انہیں تنہا نہیں چھوڑ سکتے،پاکستان کشمیریوں کی ہر طرح کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری ر کھے گا،مقبوضہ کشمیر کے عوام کا پاکستانی کرکٹ ٹیم کی فتح پربھرپورطریقے سے جشن منا ناریفرنڈم کا درجہ رکھتا ہے, عالمی برادری کی قانونی او راخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں سے کیا گیا وعدہ پورا کرے.

تحریک آزادی کشمیر کے نوجوان کشمیری رہنماء برہان مظفر وانی کے پہلے یوم شہادت پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ برہان مظفر وانی تحریک آزادی کشمیر کے ایک نئے باب کا عنوان ہے۔ ایک سال پہلے اس جواں سال شہادت نے مقبوضہ کشمیر میں اپنے لہو سے جو چراغ روشن کیا، اس سے آج پوری وادی میں چراغاں ہے۔ اس شہادت نے اس حقیقت کو آخری درجے میں ثابت کر دیا ہے کہ کشمیر کا بچہ بچہ آزادی کے جذبے سے سرشار ہے اور بھارت کے غاصبانہ قبضے کو قبول کرنے کیلئے آمادہ نہیں۔اسلحہ کے زور پر قوموں کے جذبہ آزادی کو نہیں کچلا جا سکتا ۔بھارت کو یہ حقیقت بھی سمجھ لینی چاہیے کہ تاریخ کو اندھا نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی یہ تحریک آزادی مقامی اور ہر طرح کی بیرونی مداخلت کے بغیر آگے بڑھ رہی ہے۔برہان وانی کی شہادت نے اس بھارتی پروپیگنڈے کو بھی بے نقاب کر دیا ہے کہ آزادی کشمیر کی تحریک کسی خارجی مداخلت کے زیر اثر ہے۔ گذشتہ ایک سال میں کرفیو، سیکورٹی فورسز کے سنگدلانہ اقدامات اور ریاستی ظلم کے باوجود، جس طرح مقبوضہ کشمیر کے لوگوں نے اپنے شہیدوں کے جنازوں میں شرکت کی اور علم حریت کو بلند رکھا، معاصر تاریخ میں اس کی مثال موجود نہیں۔نوازشریف نے کہا کہ برہان وانی کا یوم شہادت ساری دنیا کو یہ پیغام دے رہا ہے کہ اگر مقبوضہ کشمیر میں ظلم کا یہ بازار گرم رہا، انسانی حقوق کی اس وسیع پیمانے پر خلاف ورزی ہوتی رہی ،عام شہریوں کو آہنی چھروں سے اندھا کیا جاتا رہا ہے تو پھر دنیا میں امن کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔ یہ شہادت عالمی برادری اور اور قوتوں کو بھی متوجہ کر تی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی سے آنکھیں نہیں چرا سکتے، یہ شہادت سوال کرتی ہے کہ کیا کشمیری انسان نہیں؟ کیا ان کے بنیادی حقوق نہیں؟ کیا حق خودارادیت کشمیریوں کا مسلمہ حق نہیں ہے جو انہیں اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت حاصل ہے۔اگر اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے ساتھ امتیازی سلوک کا سلسلہ بند نہ ہوا تو اس بین الاقوامی ادارے کی ساکھ پر منفی اثر پڑے گا۔عالمی برادری کی قانونی او راخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں سے کیا گیا وعدہ پورا کرے۔ وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ پاکستانی قوم برہان وانی کی یوم شہادت پر مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں اور بہنوں سے مکمل طور پر اظہار یکجہتی کرتی ہے اور اپنے اس عزم کو دہراتی ہے کہ کشمیریوں کی ہر طرح کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیریوں کا دل ایک ساتھ دھڑکتا ہے اور مصیبت کے ان لمحوں میں ہم انہیں تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔مقبوضہ کشمیر کے عوام نے جس طرح پاکستانی کرکٹ ٹیم کی فتح کا جشن منایا ،وہ ریفرنڈم کا درجہ رکھتا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اللہ تعالی سے التجا ہے کہ کشمیریوں کی آزادی کا سورج جلد طلوع ہو اور ان کی جانوں کی ارزانی کا یہ سلسلہ جلد از جلد ختم ہو اور ہم بھارت کو بھی متنبہ کرتے ہیں تو اگر ظلم کا یہ سلسلہ ختم نہ ہوا تو خود بھارت کے اندر سے ان مظلوموں کی حمایت کیلئے ایک تحریک برپا ہوگی کیونکہ ظلم کو انسانی فطرت قبول نہیں کرتی, بھارت کے پاس اب بھی وقت ہے کہ وہ اقوم متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت کو تسلیم کرے اور عالمی برادری کی بھی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت کو ان قراردادوں کے احترام پر مجبور کرے۔

مزیدخبریں