ظفر الحق رپورٹ منظرعام پر لائی جائے‘ پاکستان کو سوئٹرزلینڈ بناﺅں گا : عمران خان

کوہاٹ+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) عمران خان نے کوہاٹ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے، عوام کا پیسہ عوام پر ہی خرچ کریں گے، 25جولائی پاکستان کیلئے فیصلہ کن دن ہو گا۔ 25جولائی کو بلے کو ووٹ دینا ہے، شخصیت کو نہیں نظرئیے کو ووٹ دینا ہے۔ میرے کسی امیدواروں نے غلط کام کیا تو اسے پکڑ لوں گا، ن لیگ اور پی پی نے دس سال میں ملک کو تباہ کر دیا ہے، میثاق جمہوریت کے نام پر دونوں جماعتوں نے مک مکا کرلیا۔ شہبازشریف کہتا ہے لاہور کو پیرس بنا دیا لاہور میں بارش ہوئی تو پیرس دھلا اور نیچے سے لاہور نکل آیا، سوئٹزر لینڈ میں کوئی چور پکڑا جائے تو اسے 40گاڑیوں کا پروٹوکول نہیں ملتا وہ اداروں کو بُرا بھلا کہے اور کہے مجھے کیوں نکالا؟ پاکستان کو سوئٹزر لینڈ نہیں ادارے سوئٹزر لینڈ جیسے بناﺅں گا۔ فضل الرحمن ہر حکومت میں شامل ہو جاتا ہے۔ فضل الرحمن کا اقتدار سے باہر رہنا ایسا ہے جیسا مچھلی کا پانی سے باہر رہنا ہے۔ فضل الرحمن! لگتا ہے اس بار مچھلی کو پانی سے باہر رہنا ہو گا، تھوڑے سے لوگ ملک پر قبضہ کرکے بیٹھے ہیں، آج پاکستان کا بچہ بچہ مقروض ہے، 22سال پہلے کہا تھا کرپشن قوم کا سب سے بڑا مسئلہ ہے جب کرپشن کی بات کرتا تھا تو لوگ نہتے تھے مگر آج سب کو احساس ہو گیا کرپشن ملک کو کمزور اور ادارے تباہ کر دیتی ہے، حکومت میں آکر سب سے پہلے کرپشن پر قابو پاﺅں گا۔ ایک سال میں 8ہزار ارب روپے اکٹھا کریں گے، کرپشن ختم اور ٹیکس کم، نیب، ایف آئی اے اور ایف بی آر کو ٹھیک اور پاکستان کو سوئٹزر لینڈ بنا کر دکھاﺅں گا،کوئی قوم تعلیم اور مضبوط اداروں کے بغیر مضبوط نہیں ہوتی اور نہ ہی ترقی کرتی ہے، مہنگائی، پانی کی قلت پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے ،گندے پانی کے باعث 2لاکھ بچے سالانہ مر رہے ہیں،ہم سرکاری سکولوں میں مفت تعلیم دیں گے، ہم تعلیم پر پیسہ لگائیں گے۔ گولڑہ میں علماءو مشائخ کانفرنس سے خطاب میںعمران نے کہاکہ قوم تب مرتی ہے جب اچھے اور بُرے کی تمیز نہ رہے، پیرنظام الدین جامی صاحب نے ہماری حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ راجہ ظفر الحق رپورٹ کو سامنے لایا جائے۔ انسان فنا ہونے والی چیز ہے۔ کون جانتا تھا کہ شاہ فرمان شاہ فرمان نہیں رہے؟ ہم نے اپنی زندگی میں بہت سے لوگوں کو جاتے ہوئے دیکھا۔نواز شریف کو بھی بہت مواقع ملے۔ میں وہ آدمی ہوں جس نے زندگی میں بہت ماریں کھائی ہیں، اکیس سال گراﺅنڈ میں گزارے۔ آج پاکستان کا قرضہ 6ہزار ارب سے 27ہزار ارب ہو گیا ہے۔ آج ڈالر 125روپے ہو گیا ہے، آج پیسے کی قیمت گر چکی ہے، آج ملک کو مدینہ کی ریاست کے اصولوں کی ضرورت ہے۔ قانون کی بالادستی ہونی چاہیے۔ قانون سب کےلئے برابر ہونا چاہیے۔ لیڈر وہ ہوتا ہے جو عوام پر پیسہ خرچ کرتا ہے۔ نواز شریف کے فیصلے میں سب سچ سامنے آ گیا ہے۔ آج پاکستان کو بہترین صحت کے نظام کی ضرورت ہے۔ ایک قوم تب مرتی ہے جب اچھے اور برے کی تمیز نہ رہے۔ نواز شریف کے صاحبزادے کہتے ہیں کہ ہم پاکستان کے شہری نہیں ہیں، آج ملک تقسیم ہوا ہے ہمیں اسے اکٹھا کرنا ہے۔ قوم اکٹھی ہو جائے۔ ہم گرنے سے بچ جائیں گے۔ ہم اس بحران سے نکل سکتے ہیں۔ پاکستان میں اڑھائی کروڑ بچے سکول نہیں جاتے۔ جن لوگوں نے ختم نبوت قانون میں ترمیم کی ‘ سازش کی ان کو بے نقاب کیا جائے۔ احتساب عدالت نے ایک طاقتور کو سزا دی، کرپشن نے ملک کو کھوکھلا کر دیا ہے جو ختم نبوت پر یقین نہیں رکھتا وہ خود کو مسلمان نہیں کہہ سکتا۔ اللہ کا ایک قانون ہے اور اگر کوئی خداوند کریم کا حکم نہیں مانتا تو اسے دیا میں ذلیل ہوتے دیکھا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے جتنے مواقع نوازشریف کو دئیے اتنے کسی کو نہیں دئیے۔ انسان اوپر جاتا ہے تو وہ سمجھتا ہے کہ میں نیچے نہیں آﺅں گا۔ اسے نیچے بھی آنا ہوتا ہے، صرف اللہ ہی ہمیشہ کے لئے ہے، انسان فانی ہے۔ 6جولائی کو پہلی مرتبہ پاکستان میں قانون کی حکمرانی ہوئی ہے، جہاں احتساب عدالت نے ایک طاقتور کو سزا سنائی۔ ایک چھوٹا سا طبقہ امیر ہوتا جا رہا ہے، سابق وزیراعظم کو 30ہزار کروڑ روپے کا حساب دینا ہے۔ وہ اقتدار میں آکر پاکستان کو مدینہ کی ریاست کے اصولوں کی طرح چلائیں گے۔ علاوہ ازیں عمرا خان 10جولائی کو اپنے حلقہ انتخاب این اے95کا دورہ کریں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کمرمشانی پہنچیں گے اور وہاں سے ریلی کی صورت میں داﺅدخیل جائیں گے۔ علاوہ ازیں عمران خان کل 9 جولائی کو پارٹی منشور کا اعلان کریں گے۔ پی ٹی آئی کا 100 دن کا پلان کو بھی منشور میں شامل کیا گیا، غربت میں کمی کیلئے اقدامات‘ انسداد دہشت گردی قوانین میں تبدیلی منشور کا حصہ ہے۔ پارٹی منشور کے مطابق ٹیکسوں کا بوجھ کم کرنے اور بجلی و گیس کی قیمتیں کم کی جائیںگی۔ وزیراعظم ہاﺅسنگ سکیم کے تحت 50 لاکھ گھر بنائے جائیںگے۔ معیشت کی بحالی اور خارجہ محاذ پر تعلقات کے حوالے سے عملدرآمد کو منشور کا حصہ بنایاگیا۔ ذرائع کے مطابق منشور میں تعلیم‘ صحت‘ روزگار‘ نوجوانوں اور خواتین کے بارے میں عملی پالیسیوں کا اعلان بھی ہوگا۔
عمران

ای پیپر دی نیشن